عظمیٰ نیوز ڈیسک
حیدرآباد//کتابوں کی اشاعت یونیورسٹی کی اہم ذمہ داریوں میں سے ایک ہے اور مانو کے مرکزمطالعاتِ اردو ثقافت کی جانب سے معیاری کتابوں کی اشاعت کی جارہی ہے، یہ ایک خوش آئند اقدام ہے۔ان خیالات کا اظہار پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے کیا۔ وہ منگل کو مرکز برائے اردو ثقافت کے زیر اہتمام ایک کتاب’تعلیم اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ میں صوفیائے دکن کی خدمات‘ کی تقریب رسم اجرائی کو مخاطب کررہے تھے۔ کتاب کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ تصوف کے ماخذ بڑی اہمیت رکھتے ہیں اور اس کی منزل خدا سے قرب کا حصول ہے۔ ان کے مطابق تصوف لوگوں کو جوڑنے کا کام کرتا ہے۔مرکز برائے اردو ثقافت کے زیر اہتمام کتاب کی رونمائی کے پروگرام کی صدارت پروفیسر سید عین الحسن نے کی جبکہ رجسٹرار پروفیسر شیخ اشتیاق احمد نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے کہاکہ کتاب کے ایڈیٹر پروفیسر سید عزیز الدین حسین ایک نہایت سنجیدہ محقق ہیں۔ اصول پسندی اور وقت کی پابندی ان کا شیواہ ہے اور ان ہی کی دلچسپی سے آزاد چیر کی جانب سے پہلی مرتبہ کتاب شائع ہوئی ہے۔کتاب کے مصنف و مرتب پروفیسر سید محمد عزیزالدین حسین جو کہ اعزازی پروفیسر کے طور پر سی یو سی ایس ، مانو سے وابستہ ہیں نے کتاب کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دکن کے صوفیوں نے خواتین کی تعلیم وتربیت پر خصوصی توجہ دی اور ان کیلئے 28 کتابیں ترتیب دیں۔