کاہراہ میں جموں کشمیر بنک کے 80ویں یوم تاسیس پر تقریب

 گندو// جموں کشمیر بنک ادارے کے قیام کے 80 سال مکمل ہونے پر برانچ کاہراہ کی جانب سے تقریبات کا آغاز کیک کاٹنے کے ساتھ کیا گیا۔ تقریب کی قیادت برانچ منیجر رنجیت سنگھ وزیر نے کی جبکہ دیگر عملہ میں اروند شرما، ناصر حسین ملک، محمد حفیظ، فاروق احمد، منجیت سنگھ، اختر حسین اور عبدالکریم شامل تھے۔ بعد ازاں بنک کے ملازمین نے منیجر کی قیادت میں جشن مناتے ہوئے کیک کاٹا اور ایک ریلی کا انعقاد کیا جو کاہراہ بازار سے ہوتے ہوئے واپس برانچ کے پاس اختتام پذیر ہوئی۔ریلی میں جے کے بنک زندہ باد کے نعرے بلند کئے گئے اور عوام کو بنک کی نئی اسکیموں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔اس موقعہ پر برانچ منیجر نے کہا کہ یہ مالیاتی ادارہ گزشتہ 80 سال سے عوامی خدمات انجام دے رہا ہے اور اس کا ریاست کی ترقی میں نمایاں رول ہے اور کہا کہ بنک عوام کے تعاون سے مزید ترقی کرے گا۔ریلی میں تمام ملازمین نے جے کے بنک ٹوپیاں اور ٹی شرٹس پہنی ہوئی تھیں جن پر جے کے بنک کے لوگو بنے ہوئے تھے۔اس موقعہ پر تمام ملازمین نے جے کے بنک کو مزید مستحکم بنانے کیلئے حلف لیا۔