کاٹھی دروازہ سے بادام واری تک سڑک خستہ حالت میں

سرینگر// کاٹھی دروازہ سے لیکر بادام واری تک خستہ سڑک مقامی لوگوں کیلئے سوہان روح بن چکی ہے اور انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر سڑک کو ٹھیک نہیں کیا گیا تو وہ احتجاج کریں گے۔ پائین شہر میں کاٹھی دروازہ،ممہ خان،اشرف خان،راجہ محلہ اور بادام واری تک نکاسی آب کیلئے ڈرین تعمیر کی گئی،تاہم مقامی لوگوں کے مطابق بعد میں اس سڑک کو ٹھیک نہیں کیا گیاجہاں پر ڈرین کی تعمیر کی گئی۔مقامی لوگوں کے مطابق گزشتہ ایک برس سے یہ سڑک خستہ حالی کی شکارہے اور انتظامیہ نے علاقہ کو نظر انداز کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کئی علاقوں کیلئے سڑک یہ جاتی ہے،تاہم سڑک اس قدر گرد و غبار اٹھ رہاہے کہ لوگ بالخصوص بچے اور بزرگ بیمار ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر سڑک کو ٹھیک نہیں کیا گیا تو مقامی آبادی امراض سینہ میں مبتلا ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ خستہ حال سڑک کی وجہ سے مقامی لوگوں کا روزگار بھی متاثر ہو رہا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق بادام واری میں بھی لوگوں کا آنے جانے کا سلسلہ بند ہوگیا ہے کیونکہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے لوگوں اور سیاحوں نے بادام واری آنا ہی چھوڑ دیا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر چہ کئی بار انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ سے یہ معاملہ اٹھایا گیا تاہم انکی یقین دہانیاں سراب ثابت ہوئیں۔انہوں نے دھمکی دی کہ اگر فوری طور پر انکے مسائل کا ازالہ نہیں کیا گیا تو وہ سڑکوں پر آئیں گے۔