سرینگر//چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتانے جموں و کشمیر میں کان کنی کے لیز پر عملدرآمد کا جائیزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں کان کنی ، جنگلات ، ماحولیات کے محکموں کے انتظامی سیکریٹریوں کے علاوہ ڈائریکٹر ایکولوجی ، ماحولیات اور ریموٹ سینسنگ ، ممبر سیکرٹری پلیوشن کنٹرول بورڈ ( پی سی بی) اور متعلقہ ایچ او ڈیز نے شریک تھے۔چیف سیکریٹری نے محکمہ کان کنی سے کہا کہ وہ رواں مالی سال میں ای نیلامی کا طریقہ کار اپنا کر جموں و کشمیر میں بڑے معدنیات کی پائیدار کھوج کو یقینی بنائے ۔ جموں و کشمیر میں معدنیات کی بروقت منظم اور سائینسی کھوج کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے چیف سیکریٹری نے محکمہ پر زور دیا کہ وہ متعلقہ محکموں سے تیار کردہ افسران کی بین الضابطہ کمیٹی کے ذریعے نیلامی سے قبل کان کنی کے بلاکس کا پہلے سے جائیزہ لے ۔ کشمیر اور جموں کے ذویژنل کمشنرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ مختلف اضلاع میں معمولی معدنیات کی موجودہ شرحوں کو معقول بنائیں اور سخت نگرانی کے ذریعے غیر قانونی کان کنی کو روکیں ۔ ڈاکٹر مہتانے متعلقہ افسران سے کہا کہ لوگوں کو معقول نرخوں پر معدنیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔