کانگریس ہی مستحکم اور سیکولر حکومت فراہم کرسکتی ہے:میر

مینڈھر+پونچھ//کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے مرکزی حکومت پرعوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس پارٹی ہی ریاست کو ایک مستحکم اور سیکولر حکومت فراہم کرسکتی ہے ۔پونچھ اور مینڈھر میں کارکنان کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے میر نے کہاکہ کارکن آنیو الے چنائو کیلئے تیار ہو جائیں اور پارٹی کو مزید مضبوط بنائیں۔ڈاک بنگلہ مینڈھر میں بولتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ اگر پارٹی کو مینڈھر سے کامیابی ملی تو پوری کابینہ کو مینڈھر لاکر عوامی دربار لگایاجائے گا اور سبھی مسائل موقعہ پر حل کئے جائیں گے ۔ان کاکہناتھاکہ اگر ریاست اور مرکز میں کانگریس کی حکومت قائم ہوئی تولوگوں کو کم قیمت پر راشن فراہم کیاجائے گا۔میر نے سابق مخلوط سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ لوگوں کو بھکمری کاشکار بنایاگیا اور لیڈران نے اپنی تجوریاں بھریں ۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی لیڈران بھی عوام کو سٹیج سے بیوقوف بناتے رہے اوراگر کسی بھی شخص کے بینک کھاتے میں پندرہ لاکھ روپے آئے ہیں تو انہیں بتائے ۔ ان کاکہناتھاکہ کھوکھلے وعدے کئے گئے اور یہ رقم کبھی نہیں آنیوالی ۔اس سے قبل ڈاک بنگلہ پونچھ میں خطاب کرتے ہوئے میر نے کہاکہ کانگریس پارٹی واحد جماعت ہے جو ہندو مسلم سکھ اتحاد کو قائم و دائم رکھنے پر بھروسہ کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے ابھی کہیں کے لئے بھی امیدواروں کا اعلان نہیں کیاگیاہے اور پارٹی ہائی کمان یہ چاہتی ہے کہ عوام کے مشورے سے منڈیٹ کا اعلان کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ انہیں امید ہے کہ اس مرتبہ پونچھ سے پارٹی کو بڑی کامیابی ملے گی ۔پونچھ دورے میں میر کے ہمراہ آئی سی سی آئی کے سیکریٹری ڈاکٹر شکیل خان ،سینئر نائب صدرمولہ رام ،سابق ایم ایل اے سرنکوٹ چوہدری محمد اکرم،ضلع کانگریس صدر عبد الغنی چوہدری،یوتھ لیڈر اعجاز چوہدری ودیگران بھی تھے جنہوںنے کہاکہ اس مرتبہ پونچھ سے تینوں نشستوں پر کامیابی کی کوشش کی جائے گی ۔مینڈھر جلسے میں بولتے ہوئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ممبر پروین سرور خان نے کہا کہ مینڈھر میں ترقیاتی کاموں کا نام و نشان ہی نہیں اور یہاں کا ہسپتال بھی صرف نام کا رہ گیاہے ۔چوہدری عمران ظفر نے کہاکہ پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔اس موقعہ پر سردار مجید احمد خان،چوہدری ظفر اللہ آزاد، ہمایوں سرور خان،حاجی امتیاز خان ،وسیم احمدخان، عبدالمجید چوہدری ودیگران بھی موجو دتھے۔