سرینگر//نیشنل کانفرنس خواتین ونگ کا ایک اجلاس کل پارٹی ہیڈکوارٹر پر منعقد ہوا۔ جس کی صدارت ضلع صدر سرینگر و سابق ایم ایل اے پیر آفاق احمد نے کی۔ اس موقعے پر کانگریس کے سینئر خواتین عہدیداران نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کیا۔ جن میں سائیرہ شاہ(سونہ سوار) ، رفت جان(دیوسر)، پروینہ جان(بانڈی پورہ)، شریفہ بانو (اننت ناگ)، حمیدہ اختر(سوپور)، سبینہ اشرف(سوپور)، صالح اختر (سونہ وار)شامل ہیں۔ پیر آفاق احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیشنل کانفرنس نے خواتین کی بااختیاری کیلئے ناقابل فراموش کام کیا۔انہوں نے کہا کہ این سی خواتین کی عملی سیاست میں شرکت کی حامی رہی ہے اور ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہماری جماعت میں تعلیم یافتہ، قابل، باصلاحیت اور جفا کش خواتین شامل ہیں۔ خواتین ونگ کی صوبائی صدر انجینئر صبیہ قادری نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو ہی ریاست کو تعمیر و ترقی اور نئی منزلوں کی اور لے جانا ہے اور ساتھ ہی جموں و کشمیر کے پرچم کو ہمیشہ بلند رکھنا ہے۔
کانگریس کی کئی خواتین عہدیداران این سی میں شامل
