جموں //پنچایتی انتخابات کے دوران اکھنور میں نئے منتخب سرپنچوں اور پنچوں کے اعزاز میں پردیش کا نگریس کی جانب سے ایک پروگرام کاہتمام کیا گیا ۔بلاک اکھنور کی پنچایت گاندھر وار میں منعقد ہ اس پروگرام کے دوران کانگریس کے سنیئر لیڈر اور سابقہ ریاستی وزیر شام لعل شرما نے اپنے خطاب میں نئے منتخب نما ئندوں پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ عوام کی امنگو ں کے مطابق کام کرئیں تاکہ زمینی سطح پر عوام کو سہولیات میسر ہوسکیں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ کانگریس کی عوام دوست پالیسیوں کی وجہ سے عام لوگ پارٹی کی جانب متوجہ ہوئے ہیں اور بڑی تعداد میں پارٹی میں شمولیت بھی اختیار کی جارہی ہے ۔انہوں نے پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ ریاستی حکومت کیساتھ ساتھ بھاجپا کی مر کزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان دونوں سیاسی پارٹیوں نے اپنے سیاسی مفاد کی خاطر عوام کیساتھ کھلواڑ کیا ۔موصوف نے کہاکہ بھاجپا کی ناکامی کی وجہ سے اس وقت عوام پینے کے صاف پانی کی قلت ،بجلی کی غیر معقول سپلائی ،راشن کی عدم فراہمی اور سکولوں و طبی اداروں میں عملے کی قلت کی وجہ سے مسائل کا سامنا کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں ۔انہوں نے سرپنچوں اور پنچوں پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے علا قوں میں بھاجپا کی عوام دشمن پالیسیوں کو سامنے لاتے ہوئے عوام کو درپیش مسائل کو حل کر وانے کیلئے کام کریں ۔کانگریس لیڈر نے کہاکہ گزشتہ انتخابات میں بھاجپا کو اکھنور سے عوام کی ایک بڑی تعداد نے ووٹ دیا لیکن اقتدار میں آنے کے بعد پارٹی نے اس بلاک کو یکسر نظر انداز کر دیا ۔انہوں نے مزیدکہاکہ جاری پنچایتی انتخابات میں کانگریس پارٹی کی واضح کامیابی سے صاف ظاہر ہے کہ بھاجپا زمینی سطح پر ناکام ہو تی جارہی ہے ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ زمینی سطح پر عوامی مسائل کو اجا گر کر نے او ر ان کو حل کروانے کیلئے کام کریں ۔