نئی دہلی// کانگریس صدر سونیا گاندھی نے آج کہا کہ ملک کے سامنے موجودہ وقت میں اتنے بڑے بڑے چیلنجز ہیں جواس سے پہلے کبھی نہیں رہے اور انہیں امید ہے کہ پارٹی کی نئی قیادت اور نیا جوش ان چیلنجوں سے نمٹنے کے قابل ہے ۔نو منتخب کانگریس صدر راہل گاندھی کو پارٹی کی کمان سونپنے کے لئے یہاں منعقد تقریب میں مسز گاندھی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی قربانیوں کو بامعنی بنانے کے لئے 20 سال پہلے جب انہوں نے کانگریس کی باگ ڈور سنبھالی تھی اس وقت بھی پارٹی کے سامنے کئی بڑے چیلنجز تھے ، لیکن آج ملک ان سے بھی بڑے چیلنجوں کا سامنا کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ مسٹر گاندھی کے جوش کو سمجھتی ہیں. حالیہ دنوں میں مسٹر گاندھی پر ہوئے ذاتی حملوں نے انہیں اور مضبوط اور نڈر بنایا ہے اور انہیں پورا بھروسہ ہے کہ وہ ان چیلنجوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکیں گے ۔مسز گاندھی نے کہا کہ وہ کانگریس کارکنوں کے جوش کو بھی جانتی ہیں اور جو بے مثال ہے . وہ ملک کے لئے جدوجہد کرنے کو تیار ہیں. وہ جھکیں گے نہیں، پیچھے ہٹیں گے نہیں کیونکہ کانگریس کا مقصد ملک اور اس کے اقدار کی حفاظت کرنا ہے مسز گاندھی نے کہا کہ آج ملک کے بنیادی اصول و اقدار پر باقاعدہ حملے ہو رہے ہیں. ہمارے ثقافتی ورثہ اور ثقافت کو کمزور کیا جا رہا ہے . پورے ملک میں خوف کا ماحول ہے . انہوں نے کہاکہ اس ماحول میں کانگریس کو اپنے دل میں جھانک کر کام کرنا ہو گا اور پارٹی کارکنوں کو ایک اخلاقی جنگ جیتنے کے لئے قربانی اور تیاگ کے لئے تیار رہنا پڑے گا۔