کانگریس کا انتخابی منشور | 2 دن کے اندرجاری کیا جائیگا

عظمیٰ نیوز سروس

جموں// سینئر لیڈر بھرت سنگھ سولنکی نے اتوار کو بی جے پی کے انتخابی وعدوں کو “کھوکھلا” قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس 2 دن کے اندر جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے لیے اپنا منشور جاری کرے گی۔ اس یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہ کانگریس-نیشنل کانفرنس اتحاد جموں و کشمیر میں برسراقتدار آئے گا، انہوں نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردی کا صفایا کرنے، کشمیری پنڈتوں کی واپسی اور بحالی کو یقینی بنانے اور مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار پیدا کرنے میں ناکام رہی ہے۔کانگریس کے جموں و کشمیر امور کے انچارج نے کہا کہ حکومت کے قیام کے بعد اتحادی شراکت داروں کے ذریعہ ایک مشترکہ کم سے کم پروگرام(سی ایم پی) تیار کیا جائے گا تاکہ خطے میں امن، خوشحالی اور ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔سولنکی نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا”(کانگریس)کا منشور تیار ہے اور انتخابات کے پہلے مرحلے سے پہلے، دو دن کے اندر اس کا اعلان کیا جائے گا۔ ہمارا منشور ‘جملوں’ پر مبنی نہیں ہوگا، اور ہم اس کے نفاذ کو یقینی بنائیں گے،” ۔انہوں نے کہا کہ تزویراتی لحاظ سے اہم جموں و کشمیر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات پر پوری قوم اور دنیا کی نظر ہے۔سولنکی نے کہا، “ہمارا این سی کے ساتھ اتحاد ہے لیکن ہم اپنی پارٹی کے نظریے کے مطابق کام کرتے ہیں جب ہم ایک حکومت بناتے ہیں، جو کہ ہونا لازمی ہے، تو ہم ایک CMP بنائیں گے اور اپنے منشور میں موجود اپنے تمام وعدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے،” ۔سولنکی نے کہا، جموں خطہ بی جے پی کے دور حکومت میں دہشت گردانہ حملوں کا شکار ہو گیا ہے۔