کانگریس پارٹی نوجوانوں کو روزگار کی ضمانت دے گی: غلام احمدمیر

جموں// جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے کہا ہے 2019 تبدیلی کاسال ہوگا اورکانگریس پارٹی آنے والے دنوں میں ملک کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی گارنٹی دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر راہل گاندھی کی نیت صاف ہے اور وہ نوجوانوں کے لئے روزگار کے موقع پیدا کرنے کے بارے میں متفکر ہیں۔ غلام احمد میر نے منگل کے روز یہاں شہیدی چوک میں واقع کانگریس دفتر پر نامہ نگاروں کو بتایا ’ہم بی جے پی کی طرح نہیں کہیں گے کہ ہم سالانہ دو کروڑ نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گے۔ ہمیں اپنی ذمہ داری کا احساس ہے۔ ہماری ایک ذمہ دار سیاسی جماعت ہے۔ نوجوان ہماری ریڑھ کی ہڈی ہے۔ راہل گاندھی اپنی تقریروں میں بار بار کہتے ہیں کہ نوجوان بے روزگار ہیں۔ کانگریس پارٹی نوکریاں پیدا کرنے کی حکمت عملی رکھتی ہے۔ ہم اس وقت اعداد وشمار نہیں بتائیں گے۔ ہم یہ اپنے انتخابی منشور میں بتائیں گے‘۔ انہوں نے کہا ’ہماری اور ہمارے لیڈر کی نیت کلیئر ہے۔ وہ پوری دنیا گھوم چکے ہیں۔ وہ سیکھی ہوئی چیزوں کو عملی جامہ پہناناچاہتے ہیں۔ کانگریس پارٹی آنے والے دنیا میں گارنٹی دے گی کہ اس ملک کے نوجوانواں کو روزگار فراہم کیا جائے گا‘۔ کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر نے کہا کہ راہل گاندھی کا بیان کہ ’کانگریس پارٹی اقتدار میں آئی تو ملک کے ہر غریب کو کم از کم آمدنی کی گارنٹی دے گی‘ ایک بہت بڑا تصور ہے۔ انہوں نے کہا ’راہل گاندھی نے کل کہا کہ کانگریس پارٹی اقتدار میں آئی تو ملک کے ہر غریب کو کم از کم آمدنی کی گارنٹی دے گی۔ کم از کم آمدنی کی گارنٹی ایک بہت بڑا تصور ہے۔ شاید یہ تصور آج تک کسی بھی ملک نے نافذ نہیں کیا ہے۔ اس تصور کے نفاذ سے غریبوں کی معیار زندگی بہتر بنے گی‘۔