کانگریس نے ہمیشہ آپسی بھائی چارے کو مضبوط کیا :بھلہ

 جموں //کانگریس سنیئر لیڈر اور سابقہ ریاستی وزیر رمن بھلہ نے کہا ہے کہ ملک میں کانگریس پارٹی نے ہمیشہ آپسی بھائی چارے اور ہم آہنگی کو مضبوط کرنے کیلئے کام کیا ہے ۔گاندھی نگر اسمبلی حلقہ میں معززین و پارٹی کارکنوں کیساتھ خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ ریاستی حکومت نے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے جس کیلئے آئندہ انتخابات میں عوام ان کو معاف نہیں کرینگے ۔انہوں نے کہاکہ ان دونوں سیاسی پارٹیوں کی مفاد پرست سیاست کی وجہ سے ریاست میں جمہوری اداروں کو کمزور کر نے کے علا وہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے ریاستی عوام اس وقت مسائل کا شکار ہو چکی ہے ۔کانگریس لیڈر نے پی ڈی پی اور بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دنوں پارٹیوں کی جانب سے اختیار کیا گیا ایجنڈا آف الائنس صرف اقتدار حاصل کر نے کیلئے  بنایا گیا تھا جبکہ اس ایجنڈے کی آڑ میں دونوں پارٹیوں نے عوام کے جذبات کیساتھ کھلواڑ کی ۔انہوں نے بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پارٹی نے صوبہ جموں کی عوام کیساتھ کئے گئے وعدوں کو اقتدار میںآنے کے بعد یکسر نظر انداز کیا جس کی وجہ سے جموں صوبہ میں کوئی بڑا تعمیر اتی پروجیکٹ شروع ہی نہیں کیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ سابقہ مخلوط حکومت کے دور میں سرحدی علا قوں میں آباد لوگوں کو جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا لیکن ان دونوں پارٹیوں نے ریلیف اور سہولیات کے جھوٹے وعدے کئے ۔انہوں نے دونوں سیاسی پارٹیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ انتخابی منشور کے برعکس بنائے کئے اتحاد کی وجہ سے ریاست پہلے گورنر اور اب صدر راج کی دہلیز پر پہنچی ۔بھلہ نے کہاکہ آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس جماعت پوری طرح سے تیار ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ریاست کے تینوں خطوں میں کانگریس جماعت سبقت لے کر حکومت بنائے گی ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کر تے ہوئے کہاکہ کانگریس جماعت کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کیلئے عوامی مسائل کو اجا گر کیا جائے ۔