کانگریس نے دنیا بھرمیں ملک کو بدنام کیا:امیت شاہ

 بنگلورو//بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ جو کرناٹک کے دورہ پر ہیں ، نے آج کہا ہے کہ سابق وزیراعظم راجیو گاندھی نے بی جے پی کے دوارکان پارلیمنٹ ہونے پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ بی جے پی ہم دو ہمارے دو میں یقین رکھتی ہے لیکن آج بی جے پی پارلیمنٹ میں مکمل اکثریت رکھتی ہے ۔اس کے 1600سے زائد ارکان اسمبلی ہیں،پارٹی 20ریاستوں میں برسراقتدا ر ہے ۔اس کے علاوہ کئی مجالس مقامی اور بلدیات پر بھی بی جے پی کا قبضہ ہے ۔امیت شاہ نے بنگالورو میں ایک انتخابی پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔انہوں نے کہاکہ کئی برسوں سے کانگریس نے زعفرانی دہشت اور ہندو دہشت کی اصطلاحات کا استعمال کرتے ہوئے دنیا بھرمیں ملک کو بدنام کیا ۔انہوں نے کانگریس کے صدر راہل گاندھی پرنکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی بھی مذہب نہیں ہوتا ،اب کانگریس کا یہ کہنا ہے کہ اس کے کبھی بھی اس طرح کے الفاظ استعمال نہیں کئے ۔مسٹر شاہ نے کہاکہ کانگریس کے کئی لیڈران بشمول سدارامیا نے ا ن الفاظ کا استعمال کیا ہے ۔قبل ازیں انہوں نے مشہور کنڑ مصنف و مورخ ایم چیدانندامورتی سے بنگالورو میں ملاقات کی۔قبل ازیں انہوں نے 12ویں صدی کے لنگایت فلسفی بسویشورا کو خراج پیش کیا اور ان کے مجسمہ پر پھول نچھاورکئے ۔واضح رہے کہ کرناٹک میں 224اسمبلی حلقوں پر 12مئی کو انتخابات ہونے والے ہیں ۔بی جے پی جنوبی ہند کی اس اہم ریاست میں دوبارہ اپنے اقتدار کے لئے کافی کوششیں کر رہی ہے ۔امیت شاہ نے قبل ازیں کئی دورے کرتے ہوئے ریاست میں سدارامیا حکومت کی تمام محاذوں پر ناکامی کا الزام لگایا تھا۔امیت شاہ بنگالورو کے دور روزہ دورہ پر ہیں جہاں وہ پارٹی کے منشور پر پارٹی کے لیڈران سے تبادلہ خیال کریں گے ۔اسی دوران لنگایت طبقہ کے کارکنوں نے بنگالورو کے بسویشورا سرکل پر امیت شاہ کے خلاف احتجاج کیا ۔انہوں نے لنگایت طبقہ کو اقلیتی درجہ دینے کے سلسلہ میں بی جے پی کے موقف کی وضاحت چاہی۔