پٹنہ//کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے خلاف بہار میں بھی اترپردیش کی طرح فرنٹ فٹ پر کھیلنے کا دعوی کرتے ہوئے آج کہاکہ اگر مرکز میں ان کی پارٹی برسراقتدار آئی تو پورے ملک کے کسانوں کا قرض معاف کرنے کے ساتھ ساتھ غریبوں کو کم از کم آمدنی کی گارنٹی دے گی۔گاندھی نے تیس برس کے بعد تاریخی گاندھی میدان میں ہوئی کانگریس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس جس طرح اترپردیش میں فرنٹ فٹ پر ہے ویسے ہی بہار میں بھی وہ راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو اور ان کے بیٹے اور اپوزیشن کے لیڈر تیجسوی پرساد یادو کو ساتھ لیکر فرنٹ فٹ پر ہی کھیلے گی۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ہم سب عزت اور محبت سے مل کر لوک سبھا اور اس کے بعد بہار اسمبلی انتخابات میں اتحادی حکومت بنانے جارہے ہیں۔کانگریس کے صدر نے مرکز کی نریندر مودی حکومت پر ارب پتی سرمایہ کاروں کو کروڑ روپے دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ کانگریس نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر 2019کے انتخابات میں مرکز میں اس کی حکومت بنی تو وہ ملک کے ہرایک غریب کو کم از کم آمدنی کی گارنٹی دے گی۔ ساتھ ہی مدھیہ پردیس، چھتیس گڑھ اور راجستھان کی طرح پورے ملک کے کسانوں کا قرض معاف کردے گی۔ا نہوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور بہار کے وزیراعلی نتیش کمار پر وعدہ خلافی کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ انکی پارٹی جو کہتی ہے وہ کرکے دکھاتی ہے جس کا جیتا جاگتا ثبوت ان تین ریاستوں میں کسانوں کی قرض معافی ہے۔راہل گاندھی نے 2014کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے وزیراعظم کے عہدہ کے امیدوار نریندر مودی پر لوگوں کے اکاونٹ میں پندرہ لاکھ روپے جمع کرانے کا وعدہ پورا نہیں کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مرکز میں برسراقتدار آنے کے بعدمودی نے تو صرف ارب پتیوں میں ساڑھے تین لاکھ کروڑ روپے بانٹے ۔یوا ین آئی
کانگریس فرنٹ فٹ پرکھیل کر چھکا مارے گی: راہل
