کانگریس بھائی چارے اور یکساں ترقی کی ضامن : بھلہ

جموں//بی جے پی اورپی ڈی پی پر تقسیم کی سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے سابق وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر رمن بھلہ نے پیر کے روز کہا کہ کانگریس ہی واحد ایسی جماعت ہے جو ریاست اور ملک میں فرقہ وارانہ بھائی چارے اور یکساں ترقی کی ضامن بن سکتی ہے ۔ یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق گاندھی نگر حلقہ میں منعقدہ عوامی جلسوں سے کطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس جماعت بلا لحاظ مذہب و ملت اور رنگ و نسل تمام طبقہ جات اور علاقہ جات کی ہمہ گیر ترقی کی خواہاں ہے۔ انہوں نے سابق حکومت میں شامل پارٹیوں پر الزام لگایا کہ ان جماعتوں نے صرف اقتدار کا مزہ لوٹنے کے لئے ہاتھ ملا لئے لیکن جب لوگوں نے انہیں شروع سے ہی ناقابل قبول قرار دے دیا اور تھا اور پوری ریاست میں بے چینی پھیلتی گئی ، حالات بد سے بدتر ہو گئے تو وہ ریاست کو غیر یقینی حالات میں چھوڑ کر اقتدار سے الگ ہو گئے اور اب ایک دوسرے پر الزاما ت لگا رہے ہیں۔ بھلہ نے کارکنوں کو آئندہ انتخابات کے لئے تیار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ بی جے پی پی ڈی پی سرکار کی ناکامیاں لوگوں تک پہنچانے کے علاوہ ان کے مسائل انتظامیہ کے نوٹس میں لائیں۔ انہوں نے جموں کے لوگوں کو مبارک باد پیش کی کہ انہوں نے انتہائی نازک حالات میں بھی صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اقتدار کے بھوکے ان سیاستدانوں کو عام کے سامنے بے نقاب کرے گی اور آئندہ میونسپل انتخابات میں انہیں سبق سکھائے گی۔