یواین آئی
جھنجھنو// وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس کو بدعنوانی کی ماں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ راجستھان میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت بننے کے بعد اب تک جتنے بھی گھوٹالے ہوئے ہیں ان کی جانچ کی جائے گی اور قصورواروں کو سزا ملے گی۔ مودی جھنجھنو میں بی جے پی امیدوار کی حمایت میں ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت خود کو جادوگر کہتے ہیں اور انہوں نے اپنی جادوگری سے ریاست میں کرپشن کا ایسا مایا جال پھیلایا ہے، جس سے ریاست کے سارے لوگ پریشان نظر ا?رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ راجستھان حکومت کی سرپرستی میں بھرتی کے امتحانی پرچے کا لیک ہونا عام ہو گیا ہے۔ یہاں پر پیپر لیک کرنے میں بڑے سیاسی لیڈروں کا تحفظ تھا۔ جس بڑے بڑے کوچنگ اداروں پر چھاپے مارے گئے تو وزیر اعلیٰ کے قریبی لوگوں کے نام سامنے آئے۔مودی نے کہا کہ کانگریس کرپشن کی ماں ہے۔ جہاں جہاں کانگریس کی حکومت ہوگی وہاں وہاں بدعنوانی اپنے عروج پر ہوگی۔ مرکز میں کانگریس کی حکومت نے 10 سال تک بڑے پیمانے پر بدعنوانی کی۔ ہماری پارٹی کی حکومت بننے کے بعد ہم نے کانگریس کی طرف سے شروع کی گئی بدعنوانی کے گندے نالوں کی صفائی شروع کر دی ہے اور آج ملک میں عام لوگوں کے بینک کھاتوں میں پیسہ براہ راست منتقل ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام سے ہاتھ اٹھاکر بی جے پی کے تمام امیدواروں کو جتوانے کی اپیل بھی کی۔انہوں نے کہا کہ انسان دوستی کی روایت شیخاوٹی کی فطرت میں ہے، یہاں کے لوگ جو کماتے ہیں اسے سماج کو واپس بھی کرتے ہیں۔ آج ملک بھی شیخاوٹی کی اس روایت کو اپنا رہا ہے۔ انہوں نے راجستھان کے پہلے اور ملک کے دوسرے پرم ویر چکر کے فاتح حوالدار میجر پیرو سنگھ شیخاوت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخاوٹی سمیت ملک کے بہادر سپاہیوں کی وجہ سے ہی ہندوستان کی سرحدوں کی حفاظت ہورہی ہے۔ یہاں کے بہادر سپاہی ملکی سرحدوں کی حفاظت میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔ جب یہاں کے فوجی سرحدی علاقے کی حفاظت کرتے ہیں تو اہل وطن سکون کی نیند سوتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ سابق فوجیوں کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے ون رینک ون پنشن کے مطالبے کو پورا کرتے ہوئے سابق فوجیوں کو بہت بڑا ریلیف فراہم کیا ہے جو گزشتہ 40 سالوں سے زیر التوا تھا۔ اب تک، بی جے پی حکومت کی طرف سے ون رینک ون پنشن اسکیم کے تحت سابق فوجیوں کو تقریباً 90 ہزار کروڑ روپے ادا کیے جا چکے ہیں۔ مرکزی حکومت مستقبل میں بھی فوجیوں کے ساتھ ہے اور ان کے تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔