کانفرنس ہال بدھل کی عمارت 12برسوں سے تشنہ تکمیل | سیاسی لیڈرا ن ،منتخب نمائندوں و انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان

محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے بدھل علاقہ میں تعمیر ہونے والے کانفرنس ہال کی عمارت گزشتہ 12برسوں سے مکمل ہی نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے سیاسی قیادت و مقامی اور ضلع انتظامیہ کی کارکردگی پر تنقید کی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے تعمیر اتی ایجنسی و مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ عمارت کی تعمیر پر لاکھوں روپے خرچ کر دئیے گئے ہیں لیکن اس کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لی جارہی ہے جس کی وجہ سے نئی تعمیر ہونے والی عمارت اب کھنڈرات کی شکل اختیار کر گئی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ کانفرنس ہال کا سنگ بنیاد 2010میں رکھا گیا تھا لیکن اس کے بعد محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے تعمیر اتی عمل میں انتہائی سستی سے کام لیا ہے جس کی وجہ سے پروجیکٹ لگ بھگ ایک دہائی سے مکمل ہی نہیں ہورہا ہے ۔سماجی کارکن شاہنواز خاکی اور ارشد حسین میر نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی اور مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سرکاری خزانے سے 35لاکھ روپے خرچ کئے جانے کے بعد بھی عمارت کو مکمل نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ تعمیر اتی عمل میں جہاں سست روی کا مظاہرہ کیا گیا ہے وہائیں فنڈز میں بھی خرد برد کی گئی ہے ۔مکینوں نے کہاکہ عوام سیاسی لیڈران کو منتخب صرف تعمیر و ترقی کیلئے کرتی ہے لیکن ان کی لاپرواہی کی وجہ سے پسماندہ علاقوں میں سہولیات فراہم ہی نہیں کی جاتی ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بدھل میں تعمیر وترقی کے عمل کو شروع کر کے مذکورہ پروجیکٹ کو جلدازجلد مکمل کروایا جائے ۔