کانسچونسی پروفائل اننت ناگ ویسٹ نئے چہروں کے علاوہ2سابق اسمبلی ممبران آمنے سامنے

 بلال فرقانی

سرینگر//نیشنل کانفرنس نے اننت ناگ ویسٹ(ہوم شالی بگ) نشست پر اپنی جیت کا دفاع کرنے کیلئے سابق ممبر اسمبلی عبدالمجیدبٹ لارمی کو میدان میں اتارا ہے۔ ان کا مقابلہ سابق وزیر اور پی ڈی پی امیدوار عبدالغفار صوفی سمیت دیگر8امیدواروں سے ہوگا۔یہ نشست حد بندی سے قبل ہوم شالی بگ کے نام سے مشہور تھی،جس کا قیام1977میں لایا گیا۔حد بندی کے بعد ہوم شالی بگ کو بجبہاڑہ،زینہ پورہ،کولگام اور اننت ناگ اسمبلی حلقوں میں شامل کیا گیا اور اننت ناگ ایسٹ کو تمام نزدیکی اسمبلی حلقوں کے کچھ علاقوں کو کاٹ کر وجود میں لایا گیا۔

 

نیشنل کانفرنس نے اب تک اس نشست پر4جبکہ پی ڈی پی نے2مرتبہ کامیابی درج کی ہے۔ عبدالغفار صوفی نے2بار اس نشست سے کامیابی حاصل کی ہے اور2014میں وہ اس نشست سے ہار گئے تھے ۔ اس بار وہ چوتھی مرتبہ الیکشن میںقسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ تاہم نیشنل کانفرنس کی ٹکٹ پر عبدالمجید لارامی نے2014کے الیکشن میں صوفی کو شکست دی۔اس سے قبل2008کے الیکشن میں عبدالمجید بٹ لارمی دوسرے پائیدان پر تھے اور کل ملا کر انکا بھی یہ تیسرا الیکشن ہے۔ اننت ناگ ویسٹ میں پہلے مرحلے میں منعقد ہونے والے الیکشن میں9امیدوار میدان میں ہے جن میں میں جنتا دل یونائٹیڈ کے امیدوار گل محمد بٹ،ڈیموکریٹک پراگریسیو آزاد پارٹی کے بلال احمد دیوا،پنتھرس پارٹی(بھیم) کے محمد رفیق وانی،بی جے پی کے محمد رفیق وانی کے علاوہ خاتون آزاد امیدوارگلشن اختر،فیاض احمد کھانڈے اور عاقب مشتاق گنائی شامل ہیں۔1977 اور 1983میں نیشنل کانفرنس کے عبدالاسلام دیوا جبکہ1987 میں مسلم متحدہ محاز کے غلام نبی سمجھی نے اس نشست پر کامیابی حاصل کی ہے۔1996میں اس نشست پر نیشنل کانفرنس کے گل محمد رفیقی نے اپنے نزدیکی مد مقابل عوامی لیگ کے محمد سکندر کو قریب1900ووٹوں سے شکست دیکر کامیابی درج کی تاہم2002کے انتخاب میں پی ڈی پی ٹکٹ پر عبداغفار صوفی نے سی پی ایم کے محمد امین ڈار کو قریب4500ووٹوںسے شکست دی۔2008 میں صوفی انے ایک بار پھر کامیابی درج کی اور نیشنل کانفرنس کے عبدالمجید بٹ سے قریب4800ووٹوں کی سبقت حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔ 2014کے انتخابات میں تاہم عبدالمجید بٹ لارمی آخر کامیاب ہوئے اور عبدالغفار صوفی کو شکست دیکر انکی کامیابی کی ہیٹرک کو روک دیا۔ا س نشست پر مجموعی طور پر ووٹروں کی تعداد ایک لاکھ26ہزار ہے جن میں63 ہزار281 مرد اور62 ہزار 724 خواتین کے علاوہ ایک خواجہ سرا شامل ہے۔ حلقہ انتخاب میں146پولنگ مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جن میں25شہری اور121دیہی علاقوں میں قائم کئے گئے ہیں۔