کامسر سڑک کی حالت ناگفتہ بہ

 پونچھ// شہر کی مصروف ترین سڑکوں میں سے ایک کامسر روڈ کی حالت دن بدن خستہ ہوتی جارہی ہے جس پر مقامی لوگوں نے حکام کے خلاف احتجاج کیا۔مظاہرین نے محکمہ پر لاپرواہی کا الزام عائدکرتے ہوئے کہاکہ حکام کی عدم توجہی کے باعث علاقہ کی سڑکوں کی خستہ حالت ہوگئی ہے اور ان کی مرمت نہیں کی جارہی ۔احتجاج کے دوران لوگوں نے انتظامیہ مخالف نعرے لگاکر اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ صرف کامسر روڈ ہی نہیں بلکہ دیگر سڑکوں کا بھی یہی حال ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس سڑک کی جان بوجھ کر مرمت نہیں کی جارہی ۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ کی عوام کی جانب سے بار بار شکایت کے بعد بھی حکام کی طرف سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔ انہوں نے کہا کہ جابجا گندگی کے ڈھیر ، گندگی کی نکاسی نالیاں بند ہیں جو انتظامیہ کی لاپرواہی کی داستان سنارہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ فوری طور پر اس سڑک کی مرمت کرنے کیلئے مناسب قدم اٹھائے جائیں۔ یہ احتجاج کافی دیر تک جاری رہا جس کے بعد پولیس اور ضلع انتظامیہ کے افسر وہاں پہنچے اوران کی یقین دہانی پر لوگ منتشر ہوئے۔