کامسرروڈ سے ناجائز تجاوزات ہٹانے کا نوٹس جاری

پونچھ// میونسپل کمیٹی پونچھ کی جانب سے قصبہ میں سرکاری املاک پرکی گئی ناجائز تجاوزات کے خلاف شروع کی گئی مہم جاری ہے۔اس سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے میونسپل کمیٹی پونچھ کے چیئرمین ایڈووکیٹ سنیل کمار شرما،ای او میونسپل کونسل پونچھ ،قصبہ کے تمام وارڈوں کے کونسلروں اور محکمہ گریف کے اوسی نے کامسر سڑک کا دورہ کر کے وہاں کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے سڑک کے اردگرد کی گئی ناجائز تجاوزات کا جائزہ لیا اور تجاوزات کرنے والوں کو انتباہ دیا کہ وہ جلد سے جلد تجاوزات ختم کریں۔ واضح رہے کہ کامسر سڑک کی خستہ حالی پر مقامی لوگوں کی جانب سے حال ہی میں احتجاج کیا گیا تھا ۔لوگوں کا کہنا تھا کہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے انہیں کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس لئے اس سڑک کی مرمت کی جائے ۔ عوام کی جانب سے پر زور مطالبہ کے بعد افسران کی طرف سے یہ اقدامات اٹھائے گئے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے گریف کے او سی نے بتایا کہ وہاں پر تجاوزات کی گئی ہیں اور لوگ ہی وہاں سڑک کی مرمت کرنے میں خلل ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کے اشتراک سے دورہ کر کے جائزہ لیاگیا ہے تاکہ تجاوزات کو ختم کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران میونسل کمیٹی کے ای او اور چیئرمین نے لوگوں کو انتباہ دیا کہ وہ جلد سے جلد تجاوزات ہٹائیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی مرمت کے لئے انہوں نے اقدام اٹھا رکھے ہیں لیکن لوگ سڑک کی مرمت کرنے نہیں دے رہے۔ ای او مونسپل کمیٹی پونچھ اور چیئرمین میونسپل کمیٹی نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ ان کی طرف سے سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی اورتجاوزات خود ہی ختم نہ کرنے کی صورت میں قانونی طریقہ کار اپنایاجائے گا۔انہوں نے بتایاکہ لوگوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ خود ہی تجاوزات ختم کردیں اور اگر ایسا نہیں کیاگیا تو انہیں مجبوراًکارروائی کرنی پڑے گی ۔