کامراج ڈویژن میں جنگلات کی لوٹ ، عوامی حلقوں میں تشویش،حکام خاموش

 سوپور//محکمہ جنگلات کے کامراج ڈویژن کے سب سے بڑے اور اہم رینج کنڈی رینج سوپور میں سینکڑوں سرسبز درختوں کی آئے روز بے تہاشا کٹائی اور لوٹ کھسوٹ کا سلسلہ جاری ہے جس پر عوامی حلقوں میں کافی ناراضگی اور تشویش پائی جاتی ہے۔ کنڈی رینج سوپور کے مختلف جنگلات کے کمپارٹمنٹ نمبر26، 37 ، 38 میں دن دہاڑے جنگل سمگلر 20 سے 30 درخت کاٹ کرمختلف علاقوں میں فروخت کرتے ہیں۔ محکمہ جنگلات کے ایک فارسٹ گارڈنے اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ کنڈی رینج سوپور میں جنگلات کا بے تحاشا صفایا جاری ہے۔انہوں نے کہا رینج کے بیشتر فارسٹ چک پوسٹوں پر دس سے پندرہ ملازمین درکار ہیں جبکہ ان چک پوسٹوں پر محض ایک یا دو ملازمین ہی تعینات ہیں جو صبح دس بجے سے شام چار بجے تک ہی تعینات رہتے ہیں اور چار بجے کے بعد چک پوسٹ بند رہتے ہیں جس سے سمگلروں کو کافی فائدہ پہنچتا ہے۔اس سلسلے میںڈی ایف او کامراج ڈویژن محبوب علی نے بتایا کہ یہ سچ ہے کہ محکمہ کے پاس عملے کی کافی کمی ہے اور جس سے چک پوسٹوں پر بھی ملازم کم تعداد میں تعینات ہیں۔