کالج جانیوالے پیدل راستے کی حالت شرمناک

 راجوری //گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج راجوری میں زیر تعلیم طلباء نے حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کالج کے کیمپس کو جانے والے پیدل راستے کی فوری مرمت کا مطالبہ کیاہے جس کی حالت شرمناک بنی ہوئی ہے ۔کالج کے طلباء نے کہاکہ کالج جانے والا پیدل راستہ خستہ حالی کاشکار ہے اوراس پر نہ صرف گندگی پڑی ہوئی ہے بلکہ چلنے کی جگہ بھی نہیں جس کی وجہ سے انہیں روزانہ مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے ۔انہوںنے کہاکہ اسی راستہ سے روزانہ سینکڑوںکی تعداد میں طلباء کالج آتے جاتے ہیں اوران کے علاوہ دیگر لوگوں کا گزر بھی اس راستے سے ہوتاہے ۔ ان کاکہناہے کہ اس سلسلے میں کئی مرتبہ ضلع انتظامیہ سے اپیل کی گئی کہ اس راستے کی مرمت کروائی جائے لیکن اب تک کسی نے توجہ نہیں دی اور یہ مسئلہ اسی طرح سے درپیش ہے ۔ طلباء کاکہناہے کہ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ کے شکایتی سیل میں بھی درخواست درج کروائی گئی ہے جبکہ اس سے جڑی تفصیلات نوڈل افسر راجوری کے سامنے بھی پیش کی گئی لیکن ابھی تک کسی نے کوئی رد عمل نہیں دکھایا۔قابل ذکر ہے کہ اس راستہ سے درہال ، تھنہ منڈی اور دیگر علاقوںسے آنے والے طلباء آتے جاتے ہیں ۔