کالاکوٹ میں عمارت ڈھہ گئی | باپ بیٹے سمیت3 لقمۂ اجل ، 5دیگر زخمی

راجوری //راجوری کے کالاکوٹ علاقے میں ایک نو تعمیر شدہ دو منزلہ عمارت گر جانے سے باپ بیٹے سمیت3افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 5دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں ۔پولیس ذرائع نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ جمعرات کی سہ پہر 2بجے نو تعمیر شدہ دو منزل عمارت جس کی پہلی منزل دکانوں اور دوسری منزل مکان پر مشتمل تھی ، گر گئی جس کے نتیجہ میں 8افراد ملبے تلے دب کر رہ گئے ۔اس دوران بڑی تعدا دمیں لوگ موقعہ پر پہنچے اور انہوں نے پولیس کی مدد سے بچائو کارروائی کا آغاز کیا ۔پولیس کے مطابق طویل مشقت کے بعد ملبے سے سات زخمیوں کو باہر نکال کر کالاکوٹ ہسپتال پہنچایاگیا جہاں سے ڈاکٹروں نے انہیں سندربنی ہسپتال ریفر کردیا ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ آٹھویں شخص کو سات افراد کے آدھے گھنٹے بعد ملبے سے نکالاگیا لیکن وہ تب تک دم توڑ چکاتھا۔بعد میں مزید دو افراد بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جن میں سے ایک نے سندربنی ہسپتال جبکہ دوسرے نے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقلی کے دوران راستے میں آخری سانس لی ۔مرنے والے افراد کی شناخت 25سالہ غفور حسین ولد محمد شبیر ، اس کا 2سالہ بیٹا عادل غفور اور 16سالہ محمد تبریز ولد ذاکر حسین کے طور پر ہوئی ہے ۔اس دردناک سانحہ میں زخمی ہونے والوں کی شناخت 13سالہ اسمہ کوثر دختر ذاکر حسین ، 14سالہ نزاکت حسین ولد ذاکر حسین، 18سالہ مائرہ بیگم دختر ذاکر حسین ، 12سالہ طارق حسین ولد ذاکر حسین اور 60سالہ ذاکر حسین ولد خادم حسین کے طور پر ہوئی ہے ۔چیف میڈیکل افسر راجوری ڈاکٹر سنیل شرما نے بتایاکہ اس دردناک واقعہ میں پورا کنبہ ہی ملبے تلے دب گیا اور مقامی لوگوں و پولیس کی مدد سے انہیں باہر نکالاگیا تاہم ان میں سے تین نے دم توڑ دیا۔