کاروانِ امن بس سروس8 ہفتے بعد بحال

اوڑی// کمان پل اوڑی سے چلنے والی سرینگر اور مظفر آباد کے درمیان ہفتہ وار کارونِ امن بس سروس 8 ہفتے مسلسل معطل رہنے کے بعد پیر کودوبارہ بحال کر دی گئی۔معلوم ہوا ہے کہ وادی میں قریب دو ماہ سے درماندہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے تین مہمان ،جن میں ایک خاتون بھی شامل تھی، سوموار کو اپنے وطن لوٹ گئے۔تاہم نہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے کوئی نیا مہمان وادی وارد ہوا اور نہ ہی یہاں سے کوئی نیا مسافر اْس پار گیا۔یاد رہے کہ وادی کے دو مسافر ،جو پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں بس سروس کی معطلی کے بعد درماندہ ہوکر رہ گئے تھے ،کو پاکستانی حکام نے 22 اپریل کو کمان پل پر ایک خصوصی تقریب کے دوران واپس بھیج دیا تھا۔واضح رہے کہ اوڑی سے کاروانِ امن بس سروس 4 مارچ سے دو ہفتے حکام نے کمل کوٹ سیکٹر میں ہند پاک افوج کے درمیان گولہ باری کی وجہ سے معطل کر دی تھی اور پھرکمان پل کی مرمت کے پیش نظر مزید چھ ہفتے بس سروس معطل رہی۔