کابینہ کی سیکورٹی ایجنسیوں کو تحمل اختیار کرنے کی تلقین

 جموں//ریاستی کابینہ نے سیکورٹی فورسز سے کہا ہے کہ وہ امن و قانون کی صورتحال بحال کرنے کے دوران عام لوگوں کے خلاف طاقت کے بیجا استعمال سے ہر ممکن گریز کرے۔وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی سربراہی میں منعقد ہوئے اجلاس میںکابینہ نے سول سوسائٹی اور والدین پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کو پر تشدد مظاہروں سے دور رہنے کے لئے کہیں ،جن کے دوران صبر و تحمل سے کام لینے کے باوجود مہلک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں ۔کابینہ میٹنگ کے دوران موجودہ امن و قانون کی صورتحال کے دوران وادی کشمیر میں قیمتی جانوں کے زیاں پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ کابینہ نے تمام سیاسی مکتب ہائے فکر سے وادی میں امن کی بحالی میں تعاون دینے کی پرُزور اپیل کی۔کابینہ نے ریاست میں امن و قانون کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے پولیس اور حفاظتی ایجنسیوں کو امن و قانون کی صورتحال سے نمٹتے وقت تحمل سے کام لینے کی ہدایت دی تاکہ قیمتی جانوں کے زیاں سے بچائو ہوسکے جس کے بعد عوامی سطح پر ناراضگی میں اضافہ ہوتا ہے ۔کابینہ نے ریاستی انتظامیہ کو بھی ہدایت دی کہ وہ صورتحال سے مؤثر طور نمٹنے کے لئے لازمی اقدامات اُٹھائے اور ساتھ ہی یہ یقینی بنائیں کہ عام لوگوں کو کسی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ان کے مسائل کا ہر ممکن ازالہ کیا جائے۔کابینہ میٹنگ کے دوران سیکورٹی ایجنسیوں کے ذریعے حال ہی میں نوجوانوں کے ٹارچر کی ویڈیوز منظر عام پر آنے سے پیدا شدہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ نوجوانوں کو ننگا کرکے ان پر تشدد کرنے کی قطعاً اجازت نہیں دی جاسکتی اور ایسے معاملات میں ملوث اہلکاروں کی نشاندہی کرکے انہیں جواب دہ بنانے کی ضرورت ہے۔