کابینہ میں توسیع اور تشکیل نو کے بعد کابینہ اجلاس

 نئی دہلی // (یو این آئی) مودی کابینہ میں پہلی توسیع اور تنظیم نو کے بعد نئی کابینہ اور وزراء کی کونسل کی پہلی میٹنگ شام کو ہوئی ۔سرکاری ذرائع کے مطابق کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت ہوا۔ وزرا ء کی کونسل کے اجلاس میں تمام کابینہ اور  وزراء مملکت شریک ہوئے بدھ کی شام 43 نئے وزرا نے حلف لیا ، جن میں 15 کابینہ کے وزیر اور 28 وزیر مملکت شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کابینہ میں وزرا کی تعداد 77 ہوگئی ہے۔کابینہ میں توسیع کے بعد مودی نے ٹوئیٹ کیا اور نئے ساتھیوں کو مبارکباد پیش کی اور ان کی میعاد  کے لئے نیک خواہشات ب پیش کی۔اس دورا ن ریلوے وزیر اشونی وشنو ، وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر ، وزیر صحت و خاندانی بہبود من سکھ مانڈویہ ، مائیکرو ، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے وزیر نارائن رانے ، وزیر قانون کیرن رجیجو ، وزیر پٹرولیم ہردیپ پوری ، محنت اورروزگار کے وزیر بھوپندر یادو ، وزیر توانائی راجکمار سنگھ ، وزیر سیاحت جی کشن ریڈی اور بدھ کے روز وزیر کے عہدے کا حلف اٹھانے والے متعدد دیگر وزراء نے جمعرات کو اپنی اپنی وزارتوں کا چارج سنبھال لیا۔نئے وزراء کے اپنے اپنے دفاتر پہنچنے پر سینئر عہدیداروں نے ان کا خیرمقدم کیا اور انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وشنو نے ریلوے وزیرکا چارج سنبھالنے کے بعد صحافیوں سے کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے وڑن کو آگے بڑھانے کے لئے کام کریں گے۔ ریلوے بورڈ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سنیت شرما نے دفتر میں ان کا خیرمقدم کیا۔