کئی مقامات پرتیز ہوائیں، بارش اور ژالہ باری

 سرینگر //شہر اور وادی کے بیشتر علاقوں میں منگل کی شا م کئی علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ جم کر بارش اور ژالہ باری ہوئی جس کی وجہ سے متعدد مکانوں کی چھتیں اڑگئیں، گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے اور ترسیلی لائنیں زمین پر آ گئیں۔منگل کی صبح  اگرچہ موسم خوشگوار تھا اور بیچ میں ہلکی دھوپ بھی نکلی تاہم شام چار بجے کے قریب شہر میں دس منٹوں تک ہونے والی بارشوں نے متعدد علاقوں میں تباہی مچا دی ۔شہر کے نوپورہ منور آباد میں قہر انگیز بارشوں اور تیز آندھی کی وجہ سے مکانوں اور دکانوں کی چھتوں کو نقصان پہنچا جبکہ درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے سے گاڑیوں کے شیشے چکناچور ہو گئے ۔کشمیر یونیورسٹی سے اطلاع ہے کہ وہاں شیخ عالم گسٹ ہائو س اور وہاں موجود 2 گاڑیوں کو درخت گرنے سے شدید نقصان پہنچا جبکہ ٹی آر سی سرینگر ،خانیار ، لالچوک اور دیگر علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔ادھر بیروہ بڈگام سے اطلاع ہے کہ وہاں منگل کو قریب ڈیڑھ بجے دس منٹ تک طوفانی ہوائوں اور بارشوں کے ساتھ ژالہ باری ہوئی جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ۔بیروہ کے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وہاں پر 8کے قریب مکانوں اور دکانوں کی چھتیں اڑ گئیں جبکہ شدید ژالہ باری کے نتیجے میں میوہ باغات اور دیگر فصلوں کو بھی نقصان ہوا ۔قریب دس منٹ تک جاری رہنے والی بارشوں اور تیز ہوائوں کی وجہ سے کئی ایک درخت اکھڑگئے اور بجلی سپلائی بھی متاثر ہو کر رہ گئی ۔ بی ڈی او آفس بیروہ پر ایک درخت گرنے سے اُس کی عمارت کو معمولی نقصان ہوا ۔ بیروہ کے گندورہ،ناجن،سونہ پاہ اوررعیارمیں زبردست ژالہ باری کی وجہ سے میوہ باغات کے ساتھ ساتھ دیگر فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ گل مولہ ، گن سرن ،آلہ پورہ کے علاوہ دیگر علاقوں میں تیز بارشوں کے ساتھ ژالہ باری نے میوہ باغات اور سبزیوں کو شدید نقصان پہنچایا ۔بارہمولہ ، سوپور ، پٹن اوڑی کپواڑہ کرناہ میں منگل کی شام کو بارشوں شدید بارشیں ہو رہی تھیں جس سے معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ۔ ترال سے نمائندے سید اعجاز نے اطلاع دی ہے کہ وہاں منگل کی شام کو اجن ، نارسستان اور ستورہ علاقوں میں شدید بارشوں کے ساتھ ژالہ باری ہوئی جس کی وجہ سے فصلوں اور میوہ باغات کو شدید نقصان پہنچا  ۔گاندربل اور کنگن سے ارشاد احمد اور غلام نبی رینہ نے اطلاع دی ہے کہ وہاں پر بھی شام کے وقت  بارشیں ہوئیں جس سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ۔ موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں سرینگر لیہہ کے بیک وقت تین مقامات پر پسیاں اور چٹانیں گر آنے کے نتیجے میں کئی گھنٹوں تک گاڑیوں کی آمد رفت متاثر رہی ۔ بعد دوپہر سے شروع ہوئی موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں باجری نالہ زوجیلا ، گنڈ اکو ،سمبل بالا گنڈ کے مقامات پر پسیاں اور چٹانیں گر آنے کے نتیجے میں سرینگر لہہ شاہراہ کے ان مقامات پر گھنٹوں تک گاڑیوں کی آمد رفت بند ہوگئی ۔