کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا آغاز

  لیہہ /جموں/سرینگر //وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ایک روزہ دورے کے دوران یہاں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا آغاز کیا۔ اُنہوں نے جموں اور سری نگر میں  ایمز پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ صبح لداخ سے ریاست جموں وکشمیر کا دور ہ شروع کرتے ہوئے وزیر اعظم نے لیہہ میں کوشک باکولا رِنپوچے ائیر پورٹ میں نئے ٹرمنل بلڈنگ کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعظم نے220کے وی سنگل سرکٹ سری نگر ۔ آلسٹینگ ۔ دراس۔ کرگل ۔کھلسی ۔ لیہہ ٹرانسمیشن نظام کے ذریعے لداخ کو نیشنل گرڈ کے ساتھ جوڑنے کے عمل کا بھی افتتاح کیا۔ وزیر اعظم نے لداخ میں 9MW داہ ہائیڈوالیکٹرک پروجیکٹ کا بھی افتتاح کیا۔ وزیر اعظم نے یونیورسٹی آف لداخ ایکٹ 2018کے تحت یونیورسٹی آف لداخ قائم کرنے کا بھی آغاز کیا۔ یہ ایک کلسٹر یونیورسٹی ہوگی جس میں نوبرا، لیہہ ، زانسکار ، کرگل ، دراس اور کھلسی کے ڈگری کالج شامل ہوں گے۔اس یونیورسٹی کے اِنتظامی دفاتر لیہہ اور کرگل میں قائم ہوں گے۔لداخ خطے میں پروٹیکڈیڈ ایئریا پرمٹس ویلڈیٹی کو 15دِنوں تک اضافہ کیا گیا۔ اب سیاح لداخ میں زیادہ عرصے تک ٹھہر سکتے ہیں۔وزیر اعظم نے سینٹرل انسٹی چیوٹ آف بدھسٹ سٹیڈیز لیہہ کے آڈیٹیورم میں ایک اجتماع سے خطاب کیا ۔اس سے قبل لیہہ پہنچنے پر وزیر اعظم کو گورنر ستیہ پال ملک ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم اور سول ، پولیس انتظامیہ اور فوج کے اعلیٰ افسران نے انہیں استقبال کیا۔ جموں میں وزیر اعظم نے وِجے پور سانبہ میں ایمز جموں کا سنگ بنیاد رکھا ۔وزیر اعظم نے جموںمیں سجوال ( پرگوال ۔ اندری پتیاں ) میں دریائے چناب کے اوپر تعمیر کئے جانے والے پُل کا بھی سنگ بنیاد رکھا ۔ وزیر اعظم نے دیویکا اور توی دریائوں پر تعمیر کئے جانے والے پولیوشن ابیٹمنٹ پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا ۔وزیر اعظم نے نادرن ریجنل سینٹر آف انڈین انسٹی چیوٹ آف ماس کمیونکیشن کیمپس جموں کا سنگ بنیاد رکھا جو جموں کے کیریاں علاقے میں تعمیر کیا جائے گا۔اُنہوں نے کٹھوعہ کے جنگلوٹ علاقے میں یونیورسٹی انسٹی چیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا بھی افتتاح کیا۔ اُنہوں نے جموں یونیورسٹی میں انٹرپرینور شپ اینڈ کیئریر ڈیولپمنٹ ہب کا بھی آغاز کیا۔ وزیر اعظم نے سی وی پی پی پی ایل کی طرف سے ضلع کشتواڑ میں دریائے چناب کے اوپر تعمیر کئے جانے والے 624ایم ڈبلیو کیرو ہائیڈو الیکٹرک پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا ۔اس موقعہ پر این ایچ پی سی اور جے کے پی ڈی ڈی کے درمیان ایک مفاہمت نامے پر بھی دستخط کئے گئے تاکہ ضلع کشتواڑ کے درب شالہ علاقے میں دریائے چناب پر 850ایم ڈبلیو ہائیڈو الیکٹرک پروجیکٹ تعمیر کیا جاسکے ۔وزیر اعظم نے اس موقعہ پر ایک عوامی اجتماع سے بھی خطاب کیا۔ دورے کے آخر پر وزیر اعظم نے سری نگر میں کئی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا جن میں ایمز کشمیر جو اونتی پورہ پلوامہ میں تعمیر ہوگا ۔وزیر اعظم نے قوم کے نام 400کے وی ڈبل سرکٹ جالندھر ۔ سانبہ ۔ راجوری ۔ شوپیاں۔امرگڈھ( سوپور) ٹرانسمیشن لائن وقف کی۔ وزیر اعظم نے ضلع بارہمولہ میں سنگھ پورہ ،کپواڑہ میں ویلگام اور ضلع کشتواڑ میں پاڈر علاقوں میں تعمیر کئے جانے والے ماڈل ڈگرکالجوں کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ اُنہوں نے شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ علاقے میں اپنی نوعیت کے پہلے دیہی بی پی او اورضلع گاندربل کے سہہ پورہ علاقے میں ملٹی پرپز سٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھا۔وزیر اعظم نے کشمیر ی مائیگرنٹ سٹیٹ گورنمنٹ ملازمین کے لئے ٹرانزٹ رہائشی سہولیات کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔اُنہوں نے سوبھاگیہ سکیم کے تحت ریاست کے صد فیصد گھرانوں کو بجلی فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم نے سری نگر میں پہنچتے ہی موٹر بوٹ میں جھیل ڈل کے اندرونی علاقے کا دورہ کیا اور اس آبی ذخیرے کی موجودہ حالت کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے ایس کے آئی سی سی سری نگر میں سرپنچوں کے ساتھ بھی بات چیت کی۔