سرینگر//نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان ایڈوکیٹ محمد اکبر لون اور جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے شمال و جنوب میں موسم کی قہرسامانیوں کے نتیجے میں ہوئے جانی اور مالی نقصان پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے قہر انگیز ژالہ باری، تیز ہوائوں ، آندھی اور بادل پھٹنے سے ہوئے جانی اور مالی نقصان پر رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ متاثرین کی فوری بازآبادکاری اور امدادکاری کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے لقمہ اجل بنے افراد کے پسماندگان کے حق میں بھر پور ایکس گریشا ریلیف فراہم کرنے کی مانگ کی اور صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی کہ فوری طور پر ٹیمیں تشکیل دیکر نقصانات کا تخمینہ لگائیں۔ادھر پیپلز کانفرنس کے سینئرنائب صدر عبدالغنی وکیل نے رفیع آباد میں سخت ژالہ باری سے متاثر
ہوئے کسانوں کی مدد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لدوہ،لڈورہ،بالہ ہامہ ،کترو ،ناری بل ،شالہ کوٹ اور پانزلہ سمیت دیگر کئی دیہات میںژالہ باری کی وجہ سے میوہ باغات ،دھان کی پینری اور سبزی کو کافی نقصان پہنچا یا ہے۔وکیل نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ نقصانات کا جائزہ لیکر کسانوں کی مدد کی جائے ۔