عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر ویلی فروٹ گروورز کم ڈیلرز یونین نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ضلع شوپیاں میں پھل کاشتکاروں کے لیے معاوضہ فراہم کرے اور فصل انشورنس اسکیم نافذ کرے کیونکہ تباہ کن ژالہ باری سے سیب کی فصل کو کافی نقصان پہنچا۔ کانزکولہ، پوشاما، فیری پورہ اور ضلع کے دیگر علاقوں میں بدھ کی شام تقریباً 25 منٹ تک ژالہ باری سے سیب کے باغات میں کافی نقصان ہو گیا ہے ۔ یونین کے چیئرمین بشیر احمد بشیر کے مطابق 7 اگست کو شوپیاں کے کچھ حصوں میں ہونے والے ژالہ باری نے سیب کی 50% سے 70% فصل کو مکمل طور پر نقصان پہنچایا ہے۔ اچانک اور بے وقت موسمی واقعہ نے خطے میں پھلوں کے باغات کے مالکان کو شدید دھچکا پہنچایا ہے، جو کشمیر کی معیشت کا ایک اہم حصہ ہے۔بشیراحمد نے کہاکہ آب و ہوا نے پھلوں کی پھلتی ہوئی صنعت کو بری طرح متاثر کیا ہے، جو کشمیر کی معیشت کا ایک اہم ستون ہے۔فصل کی انشورنس اسکیم کی عدم موجودگی نے پھل کاشتکاروں کی پریشانیوں میں اضافہ کیا ہے جنہیں اس قدرتی آفت کی وجہ سے ناقابل تلافی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔کے وی ایف جی مسلسل حکومت سے باغبانی کے شعبے کو ایک جامع فصل انشورنس اسکیم میں شامل کرنے کی اپیل کر رہی ہے۔ ادھرمحکمہ باغبانی کا کہنا ہے کہ باغ مالکان کو قریب 60فیصدی نقصان ہو گیا ہے اور اس سلسلے میں رپورٹ حکومت کو جلد پیش کریں گے ۔ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کشمیر ظہور احمد بتایا کہ انہوں نے متاثرہ علاقہ کا دورہ کیا اور ان علاقوں کو تقریباً 60 فیصد نقصان پہنچا ہے۔انہوںنے کہا کہ مناسب تشخیص کے بعد، کسانوں کی فہرست کو معاوضے کیلئے اعلیٰ حکام کو بھیج دیا جائے گا۔ڈائریکٹر نے کہا کہ کاشتکار فصل کو پہنچنے والے نقصان کے امکان کو کم سے کم کرنے کے لیے محکمہ کی ایڈوائزری پر عمل کریں۔ (مشمولات ٹی ای این)