ڈی ڈی سی چیئرپرسن انتخابات| بانڈی پورہ میں گُپکار اتحادکامیاب

 بانڈی پورہ+بارہمولہ+پونچھ + رام بن//جموں و کشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات کا آخری مرحلہ اختتام پذیر ہوا ۔ سنیچر کو آخری مرحلے میں بانڈی پورہ میں گپکار الائنس نے دونوں عہدے اور بارہمولہ میںمظفر حسین بیگ کی اہلیہ( آزاد امیدوار) نے ڈی دی سی چیئر مین اور پیپلز کانفرنس نے نائب چیئر مین کے عہدے حاصل کئے۔پونچھ میں بھی آزاد امیدوار وں نے جیت حاصل کی۔کشتواڑ، رام بن اور راجوری میں انتخابات ملتوی کئے گئے۔یہاں انتخابات کیلئے نئی نوٹیفکیشن جاری کی جائیگی۔

بانڈی پورہ، بارہمولہ

وادی کے ضلع بانڈی پورہ اور بارہمولہ میں سنیچر کو ڈی ڈی سی چیئرپرسن اور وائس چیئرپرسن انتخابات عمل میں لائے گئے۔بانڈی پورہ ضلع میںنیشنل کانفرنس کے عبدالغنی چیئرپرسن جبکہ پی ڈی پی کی کوثر شفیق وائس چیئرپرسن منتخب ہوئیں۔ پولنگ میں کل 13 ووٹوں میں سے عبد الغنی نے 7 ووٹ حاصل کیے جبکہ کوثر شفیق نے 13میں سے 8ووٹ حاصل کرکے نشست اپنے نام کی۔دونوں کامیاب امیدواروں کو وفاداری و رازداری کا حلف دلایا گیا۔ پی ڈی پی کے سینئر لیڈر و سابق رکن اسمبلی نظام الدین بٹ نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے گپکار الائنس اتحاد کی سراہنا کی۔ ضلع بارہمولہ میں بھی ان عہدوں کے لئے ووٹنگ ہوئی  جہاں چیئر پرسن کا عہدہ آزاد خاتون اْمیدوار کے حق میںآیا جبکہ نائب چیئرمین کا عہدہ پیپلز کانفرنس کے کھاتے میں آگیا ۔ کونسل پر 8فروری کو انتخابی عمل ملتوی کیا گیا تھا کیونکہ گپکار اتحاد کے اْمیدوار ووٹنگ کیلئے نہیں آئے تھے۔اس کونسل میں پیپلز کانفرنس کے پاس تین اوراپنی پارٹی کے دو اْمیدوار ہیں جو ایک آزاد اْمیدوار مظفر ڈار کے ساتھ صفینہ بیگ کی حمایت کررہے تھے۔اس کے علاوہ کونسل میں نیشنل کانفرنس کے دو، پی ڈی پی کے دو، کانگریس کے دو اور ایک آزاد اْمیدوار عرفان حفیظ لون شامل ہیں۔ صفینہ نے مجموعی طور پر10 ووٹ حاصل کرلئے جبکہ اْس کے حریف پی ڈی پی کی قراۃ البشیر کوصرف چار ووٹ حاصل ہوگئے۔نائب چیئر مین عہدے کیلئے ثنا اللہ اور عرفان کے مابین مقابلہ سات سات سے برابر رہا جس کے بعد قرہ اندازی کے ذریعے نائب چیئر مین کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔

پونچھ

سرحدی ضلع پونچھ میں ضلعی کونسل عہدیداروں کے انتخاب میں آزادخاتون اْمیدوار تعظیم اختر نے  چیئر پرسن عہدے پر کامیابی حاصل کرلی جبکہ نائب چیئر پرسن کا عہدہ بھی آزاد اْمید وارمحمد اشفاق کے حق میں گیا۔مذکورہ کونسل پر13فروری سنیچر کو انتخاب عمل میں لائے گئے۔  تعظیم اختر نے مجموعی طور پر آٹھ ووٹ حاصل کرلئے جبکہ اْن کے حریف کانگرس کی نازیہ غنی کو چھ ووٹ حاصل ہوگئے ۔نائب چیئر مین عہدے کیلئے واجد بشیر اور محمد اشفاق کے مابین مقابلہ ہوا ۔واجد بشیر نے5ووٹ حاصل کئے جب کہ محمد اشفاق نے 9ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔ کامیاب آزاد امیدوار تعظیم اختر نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے تمام ساتھیوں کے تعاون سے ضلع پونچھ کی تعمیر و ترقی کے لئے کام کریں گی۔

رام بن، کشتواڑ، راجوری

 ضلع ترقیاتی کونسل رام بن کے چیئرمین اور نائب چیئرمین کو منتخب کرنے کیلئے سنیچرکے روز بلایا گیا اجلاس آئندہ نوٹیفکیشن تک ملتوی کردیا گیا ہے کیونکہ ووٹنگ کیلئے مطلوبہ ممبران کی تعداد موجود نہیں تھی اور تین بھارتیہ جنتا پارٹی اور تین آزاد امیدوار غیر حاضر رہے۔ضلع رام بن میں نیشنل کانفرنس نے 6 ، کانگریس نے 2 ، بھارتیہ جنتا پارٹی نے3 اور آزاد امیدواروں نے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔  چیئرمین اور نائب چیرمین کیلئے مطلوبہ کورم میں ایک تہائی کونسلروں کا موجود ہونا لازمی تھا۔ادھر راجوری میں بھی کورم پورا نہ ہونے کے نتیجے میں ضلعی ترقیاتی کونسل کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات ملتوی کردیئے گئے۔"اس سے قبل صبح ساڑھے گیارہ بجے ، پی اے جی ڈی کے بینر تلے آٹھ ممبران بشمول نیشنل کانفرنس کے چار ، کانگریس کے تین اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سے ایک ووٹنگ ہال میں پہنچے لیکن این سی کارکنوں میں سے ایک نے پارٹی کو اطلاع نہیں دی۔ لیکن بعد میںایک بجے ، مذکورہ ممبر بھی پہنچ گیا۔تاہم انتظامیہ انتظار کرتی رہی لیکن باقی چار ممبران نہیں پہنچے۔"چونکہ کورم کی کمی تھی اس لئے اجلاس ملتوی کردیا گیا اور انتخابات ملتوی ہوگئے۔دریں اثناء کشتواڑ میں بھی انتخابات موخر کئے گئے۔ووٹنگ کے دن سنیچر کو کانگریس اور این سی سے وابستہ 9اراکین موجود تھے لیکن دیگر اراکین نہیں آئے۔کورم پورا کرنے کیلئے 10امیدواروں کو موجود ہونا لازمی تھا۔