ڈی ڈی سی وائس چیئرپرسن کا شوپیان ہسپتال کا دورہ | مریضوں کو درپیش مسائل کی جانکاری حاصل کی

شوپیان//عوام کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہونے کے بعد ڈی ڈی سی وائس چیر پرسن شوپیان عرفان منہاس نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے ہسپتال کا اچانک دورہ کیا ۔ عرفان منہاس نے کئی مریضوں اور تیمار داروں سے بات کی جنہوں نے ہسپتال میں درپیش کئی مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔اس دوران مقامی لوگوں نے عرفان منہاس کو بتایا کہ حاملہ خواتین کو بنا کسی سنجیدہ مسئلے کے ہی سرینگر روانہ کرنا یہاں کا معمول بن چکا ہے جس کے باعث غریب عوام کو بلاوجہ مالی طور دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق ضلع سطح کے اس ہسپتال میں بیشتر وقت ڈاکٹر نظر نہیں آتے اور نہ ہی ضلع اسپتال میں صفائی کا کوئی انتظام ہے۔ لوگوںنے کہاکہ اسپتال کے احاطے میں بنائے گئے میونسپل کمیٹی کے بیت الخلا اکثر و بیشتر بند ہی رہتا ہے جسکی وجہ سے لوگ کافی زیادہ پریشان ہیں۔