ڈی ڈی سی ممبر نے سڑک کی تعمیر کا جائزہ لیا

سرنکوٹ// سرنکوٹ کے صدر مقام سے الگ بھگ تین کلو میٹر کی دوری پر پوٹھہ اپر پنچایت میں محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے عرصہ دراز سے پوٹھہ بائی پاس تا اپر پنچایت پوٹھہ جانے والی سڑک کی تعمیر کی گئی تھی جوکہ حکام کی لاپرواہی سے کھڈوں میں تبدیل ہو گئی تھی ۔مقامی لوگو ں کی مانگ کو دیکھتے ہوئے ضلع ترقیاتی کونسل رکن شاہنواز چوہدری کی اپیل کے بعد متعلقہ محکمہ کی جانب سے رابطہ سڑک پر مرمتی عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔اس دوران ڈی ڈی سی ممبرشاہنواز چوہدری نے 4کلو میٹر سڑک پر جاری مرمتی کام و تار کول بچھانے کے عمل کا جائزہ لیا ۔اس موقعہ پر ان کے ہمراہ متعلقہ محکمہ کے آفیسران ،ملازمین و مقامی معززین بھی موجود تھے ۔موصوف نے متعلقہ محکمہ کے کام کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ وہ جلدازجلد معیاری کام کرکے عوام کو سہولیات فراہم کریں ۔