ڈی ڈی سی انتخابات کاساتواں مرحلہ اختتام پذیر | پولنگ شرح 57 فیصد | وادی کشمیر میں39.52فیصد، شوپیان میں صرف6.55 فیصدووٹ پڑے

جموں// ضلع ترقیاتی کونسل کے انتخابات کے دوران  بدھ کو ساتواں مرحلہ اختتام کو پہنچا جس کے دوران 57فیصد سے زائد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔سٹیٹ الیکشن کمشنر کے کے شرما نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جموں کشمیر میںبدھ کو منعقد ہوئے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے انتخابات کے ساتویں مرحلے میں 57.22 فیصد رائے دہندگان نے اپنی حقِ رائے دہی کا استعمال کیا ۔ ایس ای سی نے کہا کہ 31 ڈی ڈی سی حلقوں میں پولنگ مجموعی طور پُر امن رہی ۔ ان 31 حلقوں  میں سے 13 صوبہ کشمیر اور 18 صوبہ جموں میں تھے ۔جن کیلئے 57.22 فیصد ووٹ ڈالے گئے ۔ ایس ای سی نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں 1852 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے تھے جن میں 1068 صوبہ کشمیر اور 784 صوبہ جموں میں تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں صوبے میں اوسطاً 71.93 فیصد ووٹ ڈالے گئے جس میں سے پونچھ ضلع میں سب سے زیادہ یعنی 80.12 ، ریاسی ضلع میں 76.75 اور اودھمپور ضلع میں 75.63 فیصد ووٹ ڈالے گئے جبکہ جموں صوبے کے ڈوڈہ ضلع میں سب سے کم یعنی 58.82 فیصد ووٹ پڑے ۔ اسی طرح صوبہ کشمیر میں اوسطاً 39.52 فیصد ووٹ ڈالے گئے بانڈی پورہ ضلع میں سب سے زیادہ یعنی 70.47 فیصد ، بارہمولہ میں 59.53 فیصد اور کپواڑہ میں 59.23 فیصد رائے دہندگان نے اپنی حقِ رائے دہی کا استعمال کیا ۔ ضلع وار تفصیلات پیش کرتے ہوئے ایس ای سی نے کہا کہ صوبہ کشمیر کے بڈگام ضلع میں 45.11 فیصد ، گاندر بل میں 53.69 فیصد ، اننت ناگ میں  22.46 فیصد ، کولگام میں 17.98 فیصد ، پلوامہ میں 11.06 فیصد اور شوپیاں میں 6.55 فیصد ووٹ درج کئے گئے ۔ اسی طرح جموں صوبے کے سانبہ ضلع میں  74.38 فیصد ، کٹھوعہ میں 72.85 فیصد ، رام بن میں67.75 فیصد ، راجوری میں 73.10 فیصد، کشتواڑ میں 69.89 فیصد جبکہ جموں ضلع میں 68.66 فیصد ووٹ ڈالے گئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں کشمیر یونین ٹیر ٹری میں ساتویں مرحلے کے دوران 393200 رائے دہندگان نے اپنی حقِ رائے دہی کا استعمال کیا جن میں سے 210479 مرد اور 182721 خواتین شامل ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ساتویں مرحلے کے انتخابات کے دوران جن سرپنچ اور پنچ حلقہ ہائے انتخاب کیلئے ووٹ ڈالے گئے اُن کی ووٹ شماری جاری ہے ۔