پونچھ//ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ ، اندر جیت جوکہ چیئرمین روڈ سیفٹی کمیٹی بھی ہیں نے ہفتہ کو ضلع روڈ سیفٹی کمیٹی پونچھ کے ممبروں کے ساتھ ایک اجلاس طلب کیا جس میں ضلع میں ٹریفک مینجمنٹ پلان کی تشکیل اور اس پر عمل درآمد کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا اورسال 2021-22 کے لئے ڈسٹرکٹ روڈ سیفٹی پلان کی تشکیل کے سلسلہ میں اہم کاموں جن میں سڑک حادثے کو روکنے، روڈ سیفٹی آگاہی کیمپوں کے منعقد کرنے ،طبی کیمپوں ، سکولوں اور کالجوں میں منعقد ہونے والے آگاہی پروگراموں سمیت مختلف نکات پر گفتگو کی گئی،اس کے علاوہ کچھ علاقوں کو غیر ٹریفک زون قرار دینے ، اسکولوں کے قریب سے گزرنے والی سڑکوں پر اسپیڈ بریکر بنانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اس موقع پر سڑک کے تمام حفاظتی اقدامات کو بروئے کار لانے پر زور دیا ۔ انہوں نے سڑک حادثات کی روک تھام کے لئے کڑے اقدام اٹھانے کو کہا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ سڑک حادثات کو کم کرنے کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ سڑک حادثات کو کم سے کم کرنے کو یقینی بنائیں۔انہوں نے اسکولوں اور کالجوں کے پرنسپلز کا تعاون حاصل کرتے ہوئے ان سے اپنے اداروں میں روڈ سیفٹی کلب تشکیل دینے کو بھی کہا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ سے متعلقہ افسر وںکو ہدایت کی کہ وہ روڈ سیفٹی سے متعلق خصوصی آگاہی کیمپ لگائیں اور عوام میں روڈ سیفٹی کے بارے میں ضروری آگاہی پیدا کریں اور انہیں ٹریفک کے اصولوں پر عمل کرنے کی تحریک دیں۔اس دوران یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پولیس افسران خصوصی تربیتی پروگرام منعقد کریںگے۔شہر میں بھیڑ سے بچنے کے لئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ مالبردار گاڑیوں کو شہر کے داخل ہونے پرپونچھ قلعے کے سامنے روکا جائے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے پی ڈبلیو ڈی اور پی ایم جی ایس وائی کے ایگزیکٹو انجینئرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ سڑکوں کی مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنائیں اور سڑکوں پر موجود گڑھے کو بھریں اور احتیاطی طور پر ان مقامات پر خطرے کے نشان والے سائن بورڈزنصب کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اس موقعہ پر موجود سینئر سپرنا ٹینڈنٹ پولیس سے کہاکہ وہ حادثات کی وجوہات کے بارے میں سروے کرائیں اور اس سلسلے میں ایک رپورٹ پیش کریں ، تاکہ حادثات کی شرح کو کم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ٹریفک پولیس ، ایگزیکٹو پولیس اور ایم وی ڈی ڈیپارٹمنٹ قواعد کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لئے خصوصی ناکے لگاکر ضلع میں بغیر ہیلمٹ ،بغیر سیٹ بلٹ کے ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلا ف مہم شروع کریں گے۔
ڈی سی کی روڈ سیفٹی کمیٹی کیساتھ میٹنگ منعقد
