ڈی سی پونچھ کا ڈیرہ سنت پورہ ننگالی کا دورہ

حسین محتشم
 پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس روہت باسکوترا اور دیگر افسران کے ساتھ شرومنی ڈیرہ سنت پورہ ننگالی صاحب میں حاضر ہو کر اپنی عقیدتوں کا اظہار کیا اور بیساکھی تہوار کے انتظامات کے سلسلے میں وہاں کی انتظامیہ کے ساتھ تبادلہ کیا ۔اس دوران انتظامی کمیٹی نے بیساکھی کے انتظامات سے متعلق مختلف مسائل اٹھائے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے اپیل کی کہ پینے کے پانی، صفائی کے انتظامات اور ڈیرہ صاحب کی لنک روڈ کو جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال یہ روایتی تہوار جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوتا ہے جس میں پورے ملک سے عقیدت مندوں کی کثیر تعداد شرکت کرتی ہے اس لئے ان کی سہولت کے لئے تمام تر انتظامیہ کو یقینی بنایاجائے۔انھوں نے بیساکھی میلے کے دوران مناسب حفاظتی انتظامات کی بھی درخواست کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے موقع پر  موجود محکمہ تعمیرات عامہ کے افسروں کو ہدایت کی کہ ڈیرہ صاحب جانے والی لنک روڈ کی مرمتی کا کام فوری طور شروع کیا جائے اور گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے جگہوں کی نشاندہی کی جائے۔انھوں نے محکمہ بجلی، محکمہ جل شکتی (پی ایچ ای) کے افسروں سے کہا گیا کہ وہ مناسب بجلی اور پینے کے پانی کی سپلائی فراہم کریں، جبکہ ای او میونسپلٹی کو تمام خراب اسٹریٹ لائٹس کی مرمت کرنے اور ضرورت کے مطابق مزید لائٹ لگانے کو کہا۔ انھوں نے ٓفیسران کو مزید ہدایت کی کہ وہ گردواروں اور دیگر مذہبی مقامات ارد گرد خصوصی صفائی مہم چلائیں ۔اس موقع پر موجود ایس ایس پی نے بھی تہوار کے دوران سیکورٹی کے انتظامات کی یقینی دہانی کرائی۔منیجر ڈیرہ ننگالی صاحب بپندر سنگھ نے ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی اور دیگر افسران کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر ڈی وائی ایس پی ہیڈکوارٹر نواز احمد نے، ای او بلدیہ مشتاق حسین،ایکس ای این پی ڈبلیو ڈی،آر اینڈ بی ہرویندر سنگھِ ایکس ای این پی ڈی ڈی ارشاد حسین، انسپکٹر اے آر ٹی او ظہور احمد،انچارج ننگالی صاحب جنک سنگھ، پی پی راجندر سنگھ، صدر جی ایم ایس انمول سنگھ جنرل سیکریٹری ڈی جی پی سی سرجن سنگھ، جنرل سیکرٹری جی ایم ایس بلبیر سنگھ، کلدیپ سنگھ موجود تھے۔