مینڈھر // ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے ایس ایس پی پونچھ ودیگر اعلیٰ آفیسران کے ہمراہ مینڈھر سب ڈویژن کے چھترال علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے ایک عوامی دربار لگایا ۔اس عوامی دربار میں ضلع اور تحصیل آفیسران کیساتھ ساتھ ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئر مین انجینئر اشفاق چوہدری علاقہ معززین اور پنچایتی اراکین بھی موجود تھے ۔اس موقعہ پر معززین و مقررین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ چھترال علاقہ میں قائم کر دہ پرائمری ہیلتھ سنٹر میں ایک ایمبو لینس اور ایک ڈاکٹر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ چھترال و ملحقہ علاقہ میں ابھی تک لڑکیوں کیلئے کوئی علیحدہ سے ہائر سکینڈری سکول تعمیر نہیں کیا گیا ہے اور علاقہ میں پینے کے صاف پانی کی سپلائی کیلئے بنائی گئی سکیمیں بھی فعال نہیں ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ چھترال میں لڑکیوں کیلئے علیحدہ سے ہائر سکینڈری سکول ،چھترال سے لوہر کالابن سڑک کی کشادگی ،2014میں تباہ ہوئے رابطہ پل کی مرمت کیساتھ ساتھ دیگر بنیادی سہولیات بھی فراہم کی جائیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوام کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ عوام کو ترجیح بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔انہوں نے متعلقہ آفیسران کو اس سلسلہ میں ہدایت بھی جاری کیں ۔اپنے خطاب میں ایس ایس پی پونچھ نے نوجوانوں کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ منشیات و دیگر غیر قانونی کاموں کو ترک کرتے ہوئے پڑھائی و دیگر فلاحی کاموں کی جانب راغب ہوں ۔انہوں نے والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کیساتھ اشتراک سے کام کیا جائے تاکہ سماجی برائیوں کو دور کیا جاسکے ۔
ڈی سی پونچھ کا چھترال میں عوامی دربار
