ڈی سی پونچھ نے موٹر سائیکل ریلی کو ہری جھنڈی دکھائی

پونچھ// حکومت ہند کی نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کی وزارت کے تحت نہرو یووا کیندر پونچھ نے 75 ویں یوم آزادی کے جشن کے طور پر آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت موٹر بائیک ریلی کا اہتمام کیا۔ریلی کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ اندرجیت نے موٹر بائیک ریلی کو ہری جھنڈی دیکھا کر روانہ کیا۔ اس موقع پر اضافی ترقیاتی کمشنرپونچھ بشارت حسین انقلابی کے علاوہ ضلع پونچھ کے معزز شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ضلع ترقیاتی کمشنرنے اس دوران بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک اپنا 75واں یوم آزادی منا رہا ہے اس لئے اس کو آزادی کا امرت مہوتسو کا عنوان دیا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں بہت سے پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں جن میں سے ایک یہ موٹر بائیک ریلی بھی ہے جس میں نوجوانوں کی ایک بہت بڑی تعداد شامل ہو کر حب الوطنی کا اظہار کر رہی ہے۔