ڈی سی نے بچوں سے منسلک سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لیا

پونچھ// ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے مختلف محکمہ جات کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی جہاں انہوں نے ضلع میں بچوں کی بہبود اور ان کو تحفظ فراہم کئے جانے کے متعلق مختلف سرکاری سکیموں کے نفاذ کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے ضلع میں بچہ مزدوری کو روکنے کے لئے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے افسران سے پوچھا اور ہدایت کی کہ بچہ مزدوری روکنے کے لئے کڑے اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کی جانب سے بچوں کو صحت مند ماحول فراہم کر کے ان کے بچپن کی حفاظت ، ان کے استحصال کو روکنے ،جبری مزدوری،ان کی غذائیت کے معیار،صحت میں بہتری کے کے لئے مختلف سکیمیں چلائی جا رہی ہیں اور بچوں کی حفاظت کے لئے متعدد قوانین ہیںجن سے واقف ہونا ہر شہری کا حق ہے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ بچوں کے لئے چلائی جا رہی اسکیموں کے بارے میں عوام کو بیدار کرنے کے لئے خصوصی بیداری پروگرام منعقد کریں ۔تاکہ ان تمام سکیموں کا زمینی سطح پر نفاذ ہو ۔انہوں نے افسران کو بچوں کو تحفظ فراہم کرنے، بچہ مزدوری روکنے، اورتمام بچوں کو ان کا حق دلانے کے لئے متحرک رہنے کی ہدایت کی ۔