سرینگر//22دسمبر2020 کو جموں کشمیر میں پہلی بار منعقد کرائے گئے ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کی 280 نشستوں پر ووٹ شماری ہوگی۔ سٹیٹ الیکشن کمشنر نے جموں کشمیر کے 20اضلاع ہیڈ کوارٹروں پر ووٹوں کی گنتی کیلئے مراکز قائم کرلئے ہیں جن میں گرمی کا معقول انتظام کیا گیا ہے۔ ووٹ شماری کیلئے مخصوص سرکاری عملے کی تربیت پہلے ہی دی گئی ہے ۔ جموں کشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات کی 280نشستوں کیلئے 2181 اُمیدوار میدان میں ہیں جن کی قسمت کا فیصلہ ووٹنگ مشینوں میں بند ہے۔ 8مرحلوں میں کئے گئے ڈی ڈی سی انتخابات کے دوران کسی قسم کا کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور لوگ ووٹ ڈالنے کیلئے جوق درجوق نکلے۔ پہلے مرحلے میں 43 ڈی ڈی سی نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے گئے جن میں کشمیر کی 25 اور جموں کی 18نشستیں شامل ہیں۔ ان 43 نشستوں کیلئے 296اُمیدوار میدان میں ہیں جن میں 172 کشمیر اور 124 جموں سے تعلق رکھتے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں بھی 43 نشستوں کیلئے پولنگ ہوئی اور اس کیلئے 321امیدوار میدان میں تھے۔ 43نشستوں میں سے کشمیر کی 25 اور جموں کی 18 نشستیں شامل ہیں جن کیلئے کشمیر میں 196اور جموں میں 125امیدوار میدان میں ہیں۔ تیسر ے مرحلے میں 33نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے گئے جن میں کشمیر میں 16اور جموں کی 17نشستیں شامل ہیں۔ ان نشستوں کیلئے کُل 305امیدوار میدان میں تھے جن میں سے 166کا تعلق کشمیر سے جبکہ 139 کا تعلق جموں سے تھا۔ چوتھے مرحلے میں 34 نشستوں کیلئے انتخابات ہوئے جس کیلئے کُل 249 امیدوار میدان میں تھے ۔ ان نشستوں میں سے 17کشمیر جبکہ 17جموں میں تھیں اور کشمیر کے 138 اور جموں کے 111امیدوار قسمت آزمائی کررہے تھے۔ پانچویں مرحلے میں 37نشستوں پر ووٹنگ ہوئی جس کیلئے 299امیدوار میدان میں تھے ان میں سے 17کا تعلق کشمیر سے جبکہ 20کا تعلق جموں سے تھا۔ وادی کے 155 اور جموں کے 144 امیدوار قسمت آزمائی کررہے تھے۔ ان میں سے 70خواتین امیدوار بھی تھیں۔ چھٹے مرحلے میں 31نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے جس کیلئے 245امیدوار قسمت آزمائی کررہے تھے۔ کشمیر کے 14اور جموں کے 17امیدوار میدان میں تھے جبکہ وادی کے 124 اور جموں کے 121 امیدوار ایک دوسرے کے مد مقابل تھے۔ ساتویں مرحلے میں 31نشستوں پر انتخابات ہوئے جن میں سے 13کشمیر اور 18 جموں سے تھیں۔ اس مرحلے میں 298 امیدوارمیدان میں تھے جن میں سے 148کا تعلق کشمیر سے جبکہ 150کا تعلق جموں سے تھا۔ آٹھویں اور آخری مرحلے میں 28 نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 13 کشمیر کی تھیں اور 15 جموں کی تھیں۔ ان نشستوں کیلئے 168 امیدوار میدان میں تھے جن میں سے 83کا تعلق کشمیر سے جبکہ 85جموں سے تعلق رکھتے تھے۔