ڈی سی سرینگر کی سرکردہ شہریوں کے ساتھ میٹنگ

سرینگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے ضلع میں امکانی آفات سماوی سے نمٹنے کیلئے محلہ سطح پر سرکردہ شہریوںکے ساتھ میٹنگ کی تاکہ ضلع انتظامیہ اورمقامی لوگوں کے باہمی تال میل اورتعاون سے ممکنہ سیلابی صورتحال سے موثر طور نمٹاجاسکے۔ڈی سی سرینگر نے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے اُن سرکردہ شہریوں کے ساتھمیٹنگ کی جو محلے2014ء کے تباہ کُن سیلاب سے متاثر ہوگئے تھے تاکہ امکانی آفات سماوی سے نمٹنے کے لئے کامیاب حکمت عملی اپنائی جاسکے۔مساجد، گردواروں اورمندروں کے سربراہان نے بھی میٹنگ میںشرکت کی۔ڈاکٹر شاہ نے کہا کہ امکانی آفات سے موثر طور نمٹنے کے لئے مقامی لوگوں کی شرکت اورتعاون لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ 2014ء کے سیلاب کے دوران مقامی لوگوں کی بچائو کوششوں کو نظر انداز نہیںکرسکتی اورعوامی تعاون سے ہی بچائو کی کوششوں کو کامیاب بنایا جاسکتاہے۔انہوںنے کہاکہ انتظامیہ بچائو اقدامات کے لئے آبی کھیلوں کے پیشہ وروں کی خدمات بھی حاصل کررہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ پیشہ وروں کو سیلاب سے روک تھام کی کوششوں کے لئے بڑے ریلیف سینٹروں میں تعینات کیا جائے گا۔