ڈی سی سرینگر کا ’ڈرگ ڈی ایڈکشن مرکز‘ کا دورہ | داخل مریضوں سے بات چیت کی، اور علاج ومعالجہ کی سہولیات کا جائزہ لیا

سرینگر // ڈپٹی کمشنرسرینگر محمد اعجاز اسد نے ضلع کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال اور خانیار میں نجی طور قائم کئے گئے ڈرگ ڈی ایڈکشن مرکز کا دورہ کیا ،تاکہ متاثرہ نوجوانوں کو فراہم کئے جا رہے علاج اور مشاورت کی سہولیات کا معائنہ کیا جاسکے۔اس موقع پر ڈی سی نے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال کے ڈرگ ڈی ایڈکشن سینٹرز اور خانیار میں ایک این جی او کے زیر انتظام ڈرگ سینٹر میں داخل ایک درجن سے زائد مریضوں سے بات چیت کی۔انہوں نے علاج معالجے کی سہولیات اور انہیں دی جانے والی مشاورت کے بارے میں ان سے رائے طلب کی۔مریضوں نے ڈی سی کو بتایا کہ سنٹرز میں ان کا تسلی بخش علاج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اس لعنت کے مضر اثرات کے بارے میں پیغام پھیلائیں گے تاکہ کوئی بھی نشے کا عادی نہ بن جائے۔ڈی سی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف خود روزگار سکیموں کے ذریعے فوائد حاصل کر کے وہ عزت اور وقار کے ساتھ روزی کما سکتے ہیں۔