ڈی سی رام بن نے محکمہ مال کے کام کاج کا جائزہ لیا

 عظمیٰ نیوز سروس

رام بن//ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری نے محکمہ ریونیو کے اہم اَفسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں مختلف ترجیحی اِشاریوں کے تحت ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اُنہوں نے پبلک سروسز گارنٹی ایکٹ (پی ایس جی اے) کے تحت فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیتے ہوئے تمام اَفسران سے کہا کہ وہ ایکٹ میں بیان کردہ ٹائم لائن پر قائم رہیں۔ایس ڈی ایمز اور تحصیل داروں کو اَپنے متعلقہ دائرہ اِختیار میں تعلیمی اور دیگر اِداروں کا معائینہ کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے تاکہ مؤثر اور مضبوط عوامی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے اَفسروں پر زور دیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے متعلقہ دائرہ اِختیار میں نجی یا تجارتی ڈھانچوں کی تعمیر کے لئے مجاز حکام سے پیشگی اجازت لینا ضروری ہے۔تحصیل داروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بڑے لینڈ گرابرز سے ترجیحی بنیادوں پر زمین واگزار کرائیں۔دیگر اہم اِشاریوں پر بھی سیر حاصل بحث ہوئی جس میں آن لائن خدمات عملانے، ریونیو کورٹ کے مقدمات کی تفصیلات، مقامی یاترا کی سیکورٹی اور سہولیت کاری، عید الاضحی سے قبل مارکیٹ چیکنگ ،عید کے دن کے انتظامات وغیرہ شامل ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام ریونیو افسروںکو ہدایت دی کہ وہ بہتر اور بروقت سروس ڈیلیوری کے لئے دفاتر، ٹیلی فون ، موبائل اور واٹس ایپ کے ذریعے عوام کے لئے دستیاب اورقابل رَسائی رہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تحصیل داروں کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ لوگوں کو تکلیف نہ ہو۔میٹنگ میں اے ڈی سی ورونجیت سنگھ چاڈک، اے سی آر ایس ہرپال سنگھ، ایس ڈی ایم، تحصیل دار اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔