ڈی سی رام بن نے بانہال میں ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا

 
  رام بن //ضلع ترقیاتی کمشنر شوکت عزیز بٹ نے بانہال کے طویل دورہ کے دوران متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور AEBAS کو یقینی طور سے لاگو کرنے کے لئے مختلف دفاتر میں حاضری کی چیکنگ بھی کی۔انکے ہمراہ تحصیلدار بانہال شفیق وانی کے علاوہ متعدد محکموں کے افسراں بھی تھے۔دورہ کے دوران انہوں نے مختلف ریاستی و مرکزی ترقیاتی پروجیکٹوں بشمول گورنمنٹ ڈگری کالج اور سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانہال پر جاری کام کا جائزہ بھی لیا۔انہوں نے ان پروجیکٹوں کو فعال بنانے کے لئے ان کی تکمیل مقرہ مدت کے اندر کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے مریضوں کے ساتھ ملاقات کرکے ان کو مہیا کی جارہی ہیلتھ کئیر سہولیات کی جانکاری حاصل کرکے ایس ڈی ایچ بانہال کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا ۔ڈی سی نے ریلوے تعمیراتی کاموں کا بھی معاینہ کیا اور متعلقہ ایجنسیوں کو کام بر وقت مکمل کرنے کی ہدایت دی اور بیشتر کام اور روز گار کے مواقعے مقامی نوجوانوں کو دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے چار گلیار سڑک بنانے والی متعلقہ کمپنیوں سے شاہراہ کی دیکھ ریکھ کرنے کے علاوہ مرمت کے کام میں معیاری میٹیریل استعمال کرنے کی ہدایت دی۔ دورہ کے دوران متعدد لوگوں نے ان سے ملاقات کی،جن کی شکایات سُننے کے بعد انہوں نے یقین دلایا کہ ان کو معیاد بند طریقہ سے حل کیا جائے گا۔انہوں نے افسروں سے لوگوں کے ساتھ رابطہ میں رہنے اور دور افتادہ علاقوں کا باقاعدگی سے دورہ کرنے کی ہدایت دی ،تاکہ لوگوں کا ضلع انتظامیہ میں اعتماد بنا رہے۔اسکے علاوہ انہوں نے ترقیاتی کاموں میں معیاری میٹیریل استعمال کرنے کی بھی ہدایت دی۔