ڈی سی اننت ناگ نے آفات سماوی سے نمٹنے کیلئے تیاریوں کا جائیزہ لیا

اننت ناگ// ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ خالد جہانگیر نے ایک میٹنگ میں ضلع میں آفات سماوی سے نمٹنے کے لئے تیاریوں کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں اے ڈی سی، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اور دیگر متعلقہ ضلع افسران نے شرکت کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے محکمانہ سطح پر ڈیزاسٹر منیجمنٹ پلان تشکیل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے پہلے سے تیار ڈیزاسٹر منیجمنٹ پلان سے متعلق تجاویز بھی طلب کیں۔انہوں نے شری امر ناتھ جی یاترا کے حوالے سے بھی ڈیزاسٹر منیجمنٹ سے متعلق تیاریوں کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ایس ڈی آر ایف ، پولیس، ہوم گارڈز اور مقامی رضا کاروں پر مبنی ٹیمیں پوتر گپھا کے راستے میں تعینات رہیں گی۔کمشنر موصوف نے یاترا کے دوران پہلگام میں خصوصی ایمرجنسی سینٹر قائم کرنے اور تعلیمی اداروں میں افات سماوی سے نمٹنے کے لئے ماک ڈرل کرانے کے احکامات دیئے۔ انہوں نے آفات سے نمٹنے کے لئے مقامی رضا کاروں کی شمولیت کے علاوہ سرنال میں ضلع ایمرجنسی آپریشن سسٹم قائم کر کے اسے24 گھنٹے قابل کار رکھنے کی ہدایت دی۔انہوں نے اہم مقامات پر ریلیف سینٹر قائم کرنے سمیت دیگر ضروری اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔