ڈی ایس پی کی ہلاکت کامعاملہ

 
سرینگر//شب قدر کے موقعہ پر جامع مسجد کے نزدیک سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس افسر کو زیر چوب مارنے کے واقعہ میں پولیس نے شہر خاص میں کئی جگہوں پر چھاپے مارے،جس کے دوران5افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ ریاستی پولیس نے واقعہ کی جانچ پڑتال کیلئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دی ہے جبکہ ایس پی نارتھ کا تبادلہ کردیاگیا ہے۔ڈائریکٹرجنرل پولیس ڈاکٹرایس پی ویدنے کہا ہے کہ ڈی ایس پی محمدایوب پنڈت کے انسانیت سوزقتل میں ملوث افرادکوبخشانہیں جائیگا ۔محمدایوب پنڈت کی زیرچوب ہلاکت کے بعدملوث ملزمان کیخلاف بڑے پیمانے پرکارروائی شروع کردی گئی ہے ،اورابتک 12مشتبہ افراد میں سے 5کوپوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیاگیاہے ۔اس سلسلے میں ریاستی پولیس نے سپر انٹنڈنٹ عہدے کے افسر کی سربراہی میںایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل عمل میں لائی ہے تاکہ واقعہ کی سرعت کے ساتھ چھان بین ہو سکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں کے دوران مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ پولیس تھانہ نوہٹہ میں ہلاکت خیز واقعہ سے متعلق باضابطہ طورکیس درج کرنے کے بعدملوث افرادکی شناخت کاعمل شروع کردیاگیاہے اورابتک ایسے ایک درجن افرادکی پہچان کرلی گئی ہے جوڈی ایس پی کوزدوکوب کرنے میں ملوث رہے ہوں ۔پولیس ذرائع کے مطابق جمعہ کوجن دومشتبہ افراد کوحراست میں لیاگیا،اُنہوں نے دوران پوچھ تاچھ دیگرافراد کے بارے میں جانکاری فراہم کی ،جسکے بعدابتدائی طورپر12افراد کوشارٹ لسٹ کیا گیاہے۔ڈائریکٹرجنرل پولیس ڈاکٹرایس پی ویدنے 5افراد کوحراست میں لینے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ ڈی ایس پی محمدایوب کے انسانیت سوزقتل میں ملوث افرادکوبخشانہیں جائیگا بلکہ سبھی کوقانون کے کٹہرے میں کھڑاکیاجائیگا۔انہوں نے کہاکہ یہ پولیس کاعزم ہے کہ ہم انہیں نہیں چھوڑیں گے۔ مجموعی طور پر5گرفتار کئے گئے افراد میں سے جمعہ کو2اور سنیچر کو3نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔وید نے مزید کہا کہ گرفتار شدگان میںوہ2نوجوان بھی شامل ہیں،جو زخمی ہوئے تھے۔پولیس سربراہ نے کہا کہ رپورٹ ملنے کے بعد اس کیس میں مزید پیش رفت ہوگی۔انہوں نے کہا’’ تحقیقات مکمل ہونے  کے بعد ہم کہہ سکتے ہے کہ کیا واقعہ پیش آیا‘‘۔ڈائریکٹر جنرل نے  اس واقعے کے بعد ایس پی نارتھ کو تبدیل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ ایس پی نارتھ سٹی سجادخالق بٹ کولائن حاضرکردیا گیا ہے۔ڈی جی پی نے جمعہ رات دیرگئے اس سلسلے میں احکامات صادر کئے۔ حکمنامہ کے تحت ایس پی ٹریفک سٹی سرینگرسجاداحمدشاہ کوایس پی نارتھ کااضافی چارج دیاگیا ہے۔اس دوران مقتول پولیس افسرمحمدایوب پنڈت کے آبائی گھرنائو پورہ خانیارسرینگر میں دوسرے روزبھی ڈھارس بندھائی کیلئے آنے والے لوگوں کاتانتابندھارہاجن میں سیاسی وغیرسیاسی افرادشامل تھے ۔