ڈی آئی جی پی کی عوامی میٹنگ و افطار پارٹی کا اہتمام

 ڈوڈہ//حال ہی میں بطورِ آئی جی پی ترقیاب ہونے والے ڈی آئی جی ڈوڈہ ،کشتواڑ اور رام بن رینج نثار احمد آئی پی ایس نے ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پولیس آفس کے احاطہ میں ایک عوامی میٹنگ اور افطار پارٹی کا اہتمام کیا جس میں ایک سو سے زائد معزز شہریوںسمیت سول و پولیس انتظامیہ کے درجنوں آفیسران نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر شرکائے میٹنگ نے اُنہیں بطورِ آئی جی پی ترقیاب ہونے پر مبارک باد پیش کی نیز اس قسم کی میٹنگوں اور افطار پارٹیوں کے انعقاد پر ڈسٹرکٹ پولیس ڈوڈہ کی کوششوں کو سراہا ۔اس موقع پر مختلف معاملات پر بھی تبادلۂ خیالات عمل میں لایا گیااور حاضرین نے مختلف مسائل کی طرف آئی جی پی کی توجہ مبذول کرائی اور اُن سے اپیل کی کہ ان مسائل کا  فوری طورازالہ کیا جانا چاہیے۔ آئی جی پی نے لوگوں کی طرف سے اُبھارے گئے مسائل کو توجہ سے سُنااور یقین دلایا کہ ایسے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا جو پولیس سے متعلق ہیں اور جو اُن کے دائرۂ اختیار میں آتے ہیں اور جو اُن کے دائرۂ اختیار سے باہر ہیں اُن کو متعلقہ حکام کی نوٹس میں لا کر اُن کے ازالہ کی ضرورت پر زور دیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع ڈوڈہ میں عوام کو بہترین ، صاف ستھری اور شفاف انتظامیہ فراہم کرنے کے لئے کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گااور معاشرے کو جرائم سے پاک کرنے ،فرقہ وارنہ ہم آہنگی بنائے رکھنے اور آپسی بھائی چارہ کی مضبوطی کے لئے عوام کی مدد حاصل کی جائے گی۔اُنہوں نے عوام اور پولیس کے درمیان پائی جانے والی دوریوں کو ختم کرنے اور پولیس پبلک تعلقات کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اپنے ما تحت آفیسران کو ہدایت کی وہ عوام کے ساتھ نزدیکی رابطہ بنائے رکھیں اور عوامی مشکلات کا بروقت ازالہ کریں تاکہ اُنہیں عوامی اعتماد حاصل ہو سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون سے ہی معاشرہ میں امن قائم ہو سکتا ہے اورشہریوں کو چاہیے کہ وہ امن و امان کی بحالی کے سلسلہ میںپولیس سے تعاون کریں تاکہ سماج میں پھیل رہی برائیوں پر روک لگائی جا سکے اور معاشرے کو جرائم سے پاک کیا جا سکے۔اُنہوں نے علاقہ میں آپسی بھائی چارہ کو مزید مضبوط کرنے،امن و امان کی فضا قائم رکھنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بنائے رکھنے کی بھی لوگوںسے اپیل کی۔شرکائے میٹنگ و افطار پارٹی نے آئی جی کو ضلع ڈوڈہ میں امن و قانون کی صورتِ حال بنائے رکھنے میں پولیس کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔