عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//سالانہ بڈھا امرناتھ یاترا-2024 کی مناسبت سے کئے گئے ٹریفک انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ٹریفک پولیس جموں کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ڈاکٹر ایم حسیب مغل نے راجوری یاترا کیمپ کا دورہ کیا اور یاتریوں کے منتظمین سے ملاقات کی۔ یاترا تین دنوں میں شروع ہونے والی ہے۔ڈاکٹر مغل کے ساتھ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ٹریفک پولیس محمد نواز، ڈی ٹی آئی راجوری انسپکٹر کپل منہاس اور دیگر افسران بھی تھے۔راجوری پونچھ کی ٹریفک پولیس یونٹ نے ڈاکٹر مغل کو یاترا کے لئے ٹریفک انتظامات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ ان میں یاترا کے قافلے کی نقل و حرکت، ہالٹ پوائنٹس اور کیمپوں پر پارکنگ اور اہم مقامات، موڑ اور مصروف چوراہوں پر ٹریفک پولیس کی تعیناتی شامل ہے۔ڈاکٹر مغل نے یاترا کے منتظمین کے ساتھ بات چیت کی، اور ہموار یاترا کو یقینی بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ ٹریفک کے موثر انتظام اور یاترا کے قافلوں کی ہموار نقل و حرکت کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے یاترا آرگنائزنگ کمیٹی پر بھی زور دیا کہ وہ یاترا کے لئے کٹ آف ٹائمنگ اور گاڑیوں کے راستوں سے متعلق حکام کی طرف سے جاری کردہ تمام رہنما خطوط اور ہدایات پر عمل کرے۔
اے ڈی سی راجوری کی یاترا کے انتظامات کی نگرانی
عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری راجیو کھجوریہ ضلع جو شری بڈھا امرناتھ جی یاترا کے ضلع راجوری کے نوڈل آفیسر ہیں، نے متعلقہ ضلع اور سیکٹرل افسران بشمول ایگز یکٹو انجینئر محکمہ پی ڈبلیو ڈی راجوری سردار خان، ایگز یکٹو انجینئر پی ڈی ڈی راجوری کے ساتھ بیس کیمپ، یاترا گراؤنڈ راجوری کا تفصیلی دورہ کیا۔شری بڈھا امرناتھ جی یاترا نیاس سمیتی راجوری کے ممبران بشمول گورو مہاجن، کیول شرما وغیرہ بھی وہاں موجود تھے۔اے ڈی سی نے پی ڈبلیو ڈی، پی ڈی ڈی، میونسپل کونسل راجوری، آر ڈی ڈی، ایف اینڈ سی ایس، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران، اہلکاروں کو اپنے اہداف کو مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔5 اگست کی آخری تاریخ سے بہت پہلے تاکہ ضلعی انتظامیہ 7 اگست کو ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے یاتریوں کا استقبال کرنے کے لئے تیار ہوسکے ۔مقامی یاترا نیاس سمیتی کے اراکین نے اس سال کی یاترا کے لئے فول پروف انتظامات کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔