ڈینگلہ پونچھ میں شبانہ آتشزدگی

منڈی//پونچھ کے ڈینگلہ علاقہ میں اتوار کی رات دو دکانوں میں آگ کی ہولناک واردات رونماہوئی جس کے نتیجہ میں لاکھوں روپے مالیت کاسامان تباہ ہوگیا۔چنڈک سے چار کلو میٹر دوری پر واقع ڈینگلہ علاقہ میں مشتاق احمد ولد ستر دین کی دو دکانوں میں رات کے دس بجے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے لاکھوں روپے مالیت کاسامان راکھ بنادیا۔ اگر چہ مقامی لوگوں کی مدد سے آگ کو بجھانے کی کوشش کی گئی مگر دونوں دکانوں میں رکھا ہواسامان جل کر تباہ ہوگیا۔دکانوں کے مالک مشتاق احمد کے مطابق وہ دکان کی نیچے والی چھت میں رہائش رکھتے ہیں اور کچھ سرکنے کی آواز سن کر وہ جونہی باہر آئے تو دیکھاکہ آگ کے شعلے بھڑک رہے ہیں ،اس دوران بڑے بھائی  نے فائر سروس گاڑی کیلئے فون کیا لیکن یہ گاڑی ڈیڑھ گھنٹے کے بعد پہنچی اور تب تک سب کچھ تباہ ہوچکاتھا۔انہوں نے کہاکہ ابھی تک آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ فائر سروس کی ایک گاڑی ڈینگلہ کے مقام پر رکھی جائے ۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔