ڈیجیٹل میڈیاکا بڑھتا ہوا رجحان

 ڈیجیٹل میڈیا کے بڑھتے رجحان کے پیش نظر دنیا بھر کے ملکوں خاص طور پر ترقی یافتہ ملکوں میںطالب علموں کی اکثریت ڈیجیٹل میڈیا میں کیریئر بنانے کو ترجیح دے رہی ہے لیکن اس شعبے میں کامیابی کے لیے ذہانت، فطری استعداد، سائنس وٹیکنالوجی، آرٹ اور ڈیزائننگ سے متعلق منفردمہارتوں کا ہونا ضروری ہے۔ اگر آپ بھی مستقبل میں ڈیجیٹل میڈیا پر کاروبار کرنے یا کسی بھی مد میں اس سے فائدہ حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں تو درج ذیل مہارتوں اور خوبیوں سے مستفید ہونے کی کوشش کریں۔
ڈیزائن پروسیس:
ڈیجیٹل میڈیا میں دلچسپی رکھنے والے تمام طالب علموں کے لیے ڈیزائن پروسیس سے متعلق واقفیت بے حداہم ہے، چاہے وہ پراجیکٹ منیجر ہوں، پروگرامرہوں یا پھر ڈیزائنر۔ ڈیزائن پروسیس سے مراد وہ تمام امو رہیں، جو کسی بھی پراجیکٹ کو مکمل کرنے کے لیے ڈیزائن کیے جاتے ہیں۔ مثلاًآپ کے لیے یہ جاننا اہم ہے کہ کسی بھی پراجیکٹ کی پائپ لائن میں کون سے اہم معاملات ہیں، جوزیر غور آئیں گے۔ پراجیکٹ کے دوران تیزی سے تبدیل ہوتی پروٹوٹائپنگ پر آپ کی توجہ ضروری ہے۔ مسابقتی دور میں نت نئے آئیڈیاز کی تخلیق بھی ڈیزائن پروسیس کا اہم حصہ ہے۔ ٹیم کے ساتھ آپ کی قوتِ فہم اور ہمدردی جیسے جذبات کا ہونا بھی بے حد ضروری ہے۔ یہ جذبات کسی بھی ٹیم کو متحد کرنے اور کسی بھی پراجیکٹ کو متاثر کن طریقہ کار کے تحت پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔
خود آگہی:
ڈیجیٹل میڈیا پراجیکٹ پر کام کرنے کے لیے آپ کو ذاتی اہداف اور اپنی شناخت سے واقفیت ضروری ہے۔ یہ جاننے کی کوشش کریں کہ کسی بھی پراجیکٹ کے پیچھے آپ کا ہدف کیا ہے، آپ کے لیے نہ صرف اپنی خوبیوں بلکہ کمزوریوں کو جاننا بھی ضروری ہے۔ غیر جانبداری کے ساتھ اپنی کمزوریوں کو پہچان کر درست کرنا کسی بھی پراجیکٹ میں آپ کی ذاتی کامیابی کی ضمانت ہوتا ہے۔
خیالات کی وضاحت کا فن:
خیالات و تصورات ہرذہن میں آتے رہتے ہیں۔ اصل فن ان تصورات کی وضاحت ہے جو آپ کے دماغ میں نمو پارہے ہیں۔ ایک ڈیجیٹل میڈیا لیڈر میں ان خیالات کی مکمل وضاحت پیش کرنے کا فن ہونا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ لب ولہجہ کے فن سے واقفیت بھی ضروری ہے، جس کے تحت آپ اپنی ٹیم، اعلیٰ افسران اور کلائنٹ تک اپنے خیالات پہنچاسکیں۔ ایک اچھے ڈیجیٹل میڈیا لیڈر میں لب ولہجہ کے فن اور بہترین باڈی لینگویج کے ذریعے خیالات و تصورات کو واضح اور مبہم لفظوں میں بیان کرنے کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔
ٹائم مینجمنٹ:
مشہور فاتح نپولین بونا پارٹ کا خوبصورت مقولہ ہے، میں بھلے کوئی بھی مقابلہ ہار جاوں، مگر میں کبھی ایک لمحہ نہیں ہاروں گا۔ ٹائم مینجمنٹ کوکسی بھی کاروبار کی کامیابی کا راز کہا جاتاہے اور جب بات ہو ڈیجیٹل میڈیاکی تو یہ اہمیت دگنی ہوجاتی ہے۔ کسی بھی پراجیکٹ کی تکمیل کے لیے اہداف مقرر کرنے سے لے کر انھیں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے دوران وقت کا درست استعمال ہی اصل ہنر ہے۔ اس لیے ڈیزائن پروسیس کے دوران تمام اہداف مقرر کرنا ضروری ہیں اور ہر ہدف کی تکمیل کے لیے ایک وقت مقرر کیا جائے، تاہم مقررہ وقت میں اتنی لچک ضرور ہو کہ وہ کام اس میں پورا کیا جاسکتا ہو۔
معلومات سے آگہی:
اس شعبے میں کامیابی کے خواہشمند کسی بھی فرد کے لیے تما م تر ضروری معلومات سے واقف ہونا ضروری ہے، جو ڈیجیٹل میڈیا کے لیے ضروری سمجھی جاتی ہیں۔ یہ اصلاحات وقوانین آپ کے لیے اس شعبے میں کامیابی کی ضمانت بن سکتے ہیں۔ ان قوانین پر عمل کرنے سے آپ کی آڈیئنس اور قارئین کی تعداد میں ڈرامائی حد تک اضافہ ممکن ہے۔ جن اصولوں اور قوانین کی آگاہی کسی بھی ڈیجیٹل میڈیا سے منسلک لیڈر کے لیے ہونا ضروری ہے،ان میں سننے کا اصول، توجہ کااصول، معیار کا اصول، وسعت کا اصول، متاثر کرنے کا اصول وغیرہ شامل ہیں۔
ڈیجیٹل میڈیا جہاں مختلف شعبوں کے فروغ کا ذریعہ بنا ہے، وہیں صحافت کی دنیا میں بھی اس نے اپنے قدم جمانے شروع کردئے ہیں۔ پرنٹ میڈیا، ریڈیو اور ٹی وی کے ساتھ اب ڈیجیٹل میڈیا پر صحافت کی انٹری کو عوام نے خوش دلی سے قبول کیا ہے۔ ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے دنیا بھر میں کہیں بھی سیکنڈوں میں خبرپہنچتی ہے، جو محض ایک کلک پرملٹی میڈیا فنکشن کے ساتھ آنکھوں کے سامنے ہوتی ہے۔ علمی ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ آئندہ وقتوں میں ڈیجیٹل میڈیا میں مزید ترقی اور اصلاحات ہوں گی۔