بلال فرقانی
سرینگر// حکومت نے انتظامی سیکریٹریوں کو شہریوں کو دی جانے والی آن لائن خدمات( جی ٹو سی) کی رسائی کیلئے آف لائن و مجازی طور پر پیش کی گئی درخواست کو قبول نہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدم تعمیل کی صورت میں تاب دیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سرکار کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل جموں اور کشمیر مشن موڈ پروگرام کے تحت آن لائن گورنمنٹ ٹو سیٹی زن(سی ٹو سی)خدمات کا تصور جموں اور کشمیر میں خدمات کی فراہمی کے تجربے کو بہتر بنانے کے نظریہ کے ساتھ کیا گیا ہے۔ عمومی انتظامی محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری کی جانب سے جاری سرکیولر میں کہا گیا کہ23 محکموں کی کل 178 آن لائن خدمات کو ریپڈ اسسمنٹ سسٹم(متحرک تشخیصی نظام) کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو انفرادی سطح پر مبنی ڈیجیٹل نظام فراہم کیا جا سکے اور وہ حاصل کردہ سروس کے معیار پر رائے دی جا سکے۔ سرکیولر میں تاہم کہا گیا کہ، ڈیجیٹل تاثراتی نظام کے ایک حالیہ جائزے کے دوران، یہ دیکھا گیا کہ 7محکموں کی صرف 25 خدمات نے اس طریقہ کار کے ذریعے شہریوں سے فیڈ بیک کی اطلاع دی ہے اور، یہ معاملہ حکام کی جانب سے تشویش کی نگاہ سے دیکھا گیا۔